علیحدگی کی گردشی خبروں کے باعث شہ سرخیوں میں جگہ بنانے والے پاکستانی معروف گلوکار عمیر جسوال نے قیمتی مشورہ دے کر کچھ نہ کہہ کر بھی بہت کچھ کہہ دیا۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی ثناء جاوید اور عمیر جسوال نے تاحال علیحدگی کی گردشی خبروں پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، تاہم اب گلوکار نے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کرنے والو ں کو مختصر مشورہ دے کر خاموش کروا دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے عمیر جسوال نے کہا کہ ’اپنی زندگی میں ان 4 پیز (P's) پر قائم رہیے، پرائیورٹیز (ترجیحات)، پیس (امن)، پازیٹیوٹی (مثبت) اور پیشنس (صبر)‘۔
انہوں نے ایک اور پوسٹ انسٹا اسٹوی میں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ غم جو آپ کو خدا کے قریب کر دیتا ہے وہ اس خوشی سے بہتر ہے جو آپ کو اس سے دور کر دیتی ہے‘۔
خیال رہے کہ 20 اکتوبر 2020ء کو ایک سادہ سی تقریب میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی اس فنکار جوڑی کی علیحدگی کی خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں جب دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایک دوسرے کے ہمراہ شیئر کی گئی تمام تصاویر و پوسٹس ڈیلیٹ کر دی تھیں۔
اس کے علاوہ کچھ عرصہ قبل عمیر جسوال نے عمرہ بھی ادا کیا تھا، اس دوران بھی اُن کے ہمراہ اُن کی اہلیہ ثناء جاوید کو نہیں دیکھا گیا تھا جبکہ گلوکار کے بھائی شاہزیب جسوال کی شادی میں بھی فنکار جوڑی کی عدم موجودگی کو ہر ایک نے محسوس کیا تھا۔
واضح رہے کہ عمیر جسوال اور ثناء جاوید کی جانب سے دیے جانے والے ان اشاروں کے باعث مختلف سوشل میڈیا پیجز اور صارفین کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اس جوڑی کے درمیان علیحدگی ہو گئی ہے۔
فی الحال فنکار جوڑی کی جانب سے ان گردشی خبروں پر کسی بھی قسم کی تصدیق یا تردید واضح انداز میں نہیں کی گئی ہے۔