• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چار روزہ پریکٹس میچ، کپتان بنتے ہی شان کے جوہر کھل گئے، شاندار سنچری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شان مسعود نے کپتان بنتے ہی اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھادیے۔ لیفٹ ہینڈ بیٹر نے 156شاندار رنز کھیل کر ٹیسٹ سیریز کیلئے اپنے عزائم ظاہر کردیئے۔ کینبرا میں آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ کے پہلے دن پاکستان نے چھ وکٹ پر324 رنز کا بڑ اسکور بنا ڈالا۔ میزبان ٹیم کی کمزور بولنگ کے خلاف پاکستان نے کھل کر جوہر دکھائے۔ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے میچ میں شرکت نہیں کی۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین شان مسعود نے235گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناقابل شکست اننگز میں ایک چھکا اور13چوکے لگائے ۔ قبل ازیں پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا۔ امام محض 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ عبداللہ شفیق 38 رنز بناسکے۔ عبداللہ شفیق نے کپتان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 58رنز بنائے۔ کپتان شان مسعود اوربابراعظم نے تیسری وکٹ کیلئے 92 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی ۔ بابر 40 ، سعود شکیل 13 رنز بناکر آوٗٹ ہوئے۔ پہلے روز کے کھیل اختتام سے محض 2 بال قبل فہیم اشرف 17 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔ شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔ سرفراز احمد نے 41 رنز اسکور کیے۔ قومی ٹیم کے کپتان کریز پر موجود ہیں۔ پرائم منسٹر الیون کی جانب سے جارڈن بکنگھم نے 3جبکہ مارک اسکیڈی اور ٹوڈ مرفی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ دریں اثنا بدھ کومیچ کے پہلے دن کے بعد انٹرویو میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق نے کہا ہے کہ کینبرا میں چاروزہ میچ کاپہلا دن ہمارے لئے بہت اچھا رہا۔ کپتان شان مسعود نے بہت اچھی اننگز کھیلی۔ اس میں سیکھنے کے لئے بہت کچھ تھا۔

اسپورٹس سے مزید