امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قائدِ اعظمؒ نے کہا تھا کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے، آج اسرائیل جائز کیسے بن گیا؟
انہوں نے کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ مسلمانوں کا فرض ہے کہ فلسطینیوں کا ساتھ دیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ مسلم حکمراں غزہ کے لیے مشترکہ دفاعی پروگرام کا اعلان کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل یہ جنگ ہار چکا ہے، غزہ کے لوگ حق پر ہیں، آج غزہ کے لوگ کامیاب ہو گئے ہیں، دنیا جانتی ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں پر ظلم ہو رہا ہے۔
سراج الحق کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے گھروں، دکانوں، مساجد پر قبضہ ہے وہ دفاعی جنگ لڑ رہے ہیں، غزہ میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شہید کیا گیا، ان کا جرم کیا ہے؟
اُن کا کہنا ہے کہ آج اگر غزہ کو نہیں بچایا تو اسرائیل کل شام، لبنان، مصر اور دیگر کو نشانہ بنائے گا، جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ رہے تھے اب اسرائیلی سفیروں کو اپنے ملکوں سے نکال دیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا ہے کہ امریکا ویتنام اور افغانستان میں شکست سے دو چار ہوا۔
سراج الحق نے کہا ہے کہ لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ میں فلسطینیوں کے لیے ملین مارچ کیے گئے، ہمارے کیمپ سے حماس کو پیغام ملتا رہے گا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوامی سطح پر اسرائیلی پروڈکٹ کے بائیکاٹ کی کامیاب مہم جاری ہے، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ ہو گا تو یہ کمپنیاں جنگ بند کرنے کی بات کریں گی۔