• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کمیونٹی پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، مسعود خان

سفیر پاکستان سے ہیوسٹن کی ممتاز سماجی شخصیت محمد سعید شیخ نے ملاقات کی۔
سفیر پاکستان سے ہیوسٹن کی ممتاز سماجی شخصیت محمد سعید شیخ نے ملاقات کی۔

امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکا میں موجود پاکستانی کمیونٹی نہ صرف پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی کے ضمن میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھی بھرپور حصہ ڈال رہی ہے۔

 سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے امریکا اور پاکستان میں کی جانے والی فلاحی سرگرمیوں کی بدولت نہ صرف امریکا میں قوم کا اصل تشخص ابھر کر سامنے آتا ہے بلکہ پاکستان میں ہزاروں افراد خدمت خلق کے اس جذبے سے مستفید ہوتے ہیں۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ بات ہیوسٹن کی ممتاز سماجی شخصیت محمد سعید شیخ سے ملاقات کے دوران کہی۔ محمد سعید شیخ کراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر ہونے کے ساتھ گذشتہ کئی برسوں سے فلاحی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔

محمد سعید شیخ نے سفیر پاکستان کو کراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں خصوصاً پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔

فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے محمد سعید شیخ نے بتایا کہ گذشتہ سال پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے دوران انہوں نے ہیلپنگ ہینڈ، الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف سمیت 40 تنظیموں کی مدد سے سیلاب متاثرین کے لئے دس لاکھ ڈالر اکٹھا کرنے کا بیڑہ اٹھایا جس کے نتیجے میں 65000 متاثرہ افراد کو ریلیف میسر آیا۔

متاثرہ افراد کی آبادکاری کے سلسلے میں انہوں نے بتایا کہ اب تک 160 نئے گھر تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ 25 گھروں کی مرمت کی گئی ہے۔ ان میں سندھ میں 36، بلوچستان میں 59، جنوبی پنجاب میں 87 جبکہ خیبر پختونخوا میں 3 گھر تعمیر کرکے متاثرین کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا گیا ہے کہ ریلیف سرگرمیوں کا دائرہ کار تمام صوبوں کے متاثرہ عوام تک بڑھایا جائے۔ اس ضمن میں انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب متاثرین کے لئے چار کنٹینر امدادی سامان فراہم کیا جن میں سے دو کنٹینرز میں میڈیکل سامان جبکہ بقیہ دو میں روزمرہ کے استعمال کی اشیاء شامل تھیں۔

محمد سعید شیخ نے بتایا کہ ریلیف سرگرمیوں میں اراکین کانگریس کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا گیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ خصوصاً سابق قونصل جنرل ابرار ہاشمی اور موجودہ قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری کے بھرپور تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

محمد سعید شیخ نے بتایا کہ صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے کراچی کے مختلف علاقوں سمیت متعدد مقامات پر واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر آ سکے۔

ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے سلسلے میں انہوں نے بتایا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے ملک میں دس ہزار درخت لگائے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں نوجوانوں کے لئے کیے جانے والے اقدامات میں فنی تعلیم کے مراکز اور ان کو کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنا شامل ہے۔

محمد سعید شیخ نے بتایا کہ ہیوسٹن میں مخیر افراد کی مدد سے ذہین پاکستانی طلباء کے لئے اسکالرشپ پروگرام کا اجراء کرنے پر کام جاری ہے جسے بہت جلد شروع کیا جائے گا۔ سفیر سفیر مسعود خان نے پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے کراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا۔

مسعود خان نے رفاحی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی محمد سعید شیخ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔ 

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ فلاحی سرگرمیوں سے وابستہ تنظیموں کی سرگرمیوں کو مزید منظم کیا جائے تاکہ ان سرگرمیوں کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

قومی خبریں سے مزید