کراچی (جنگ نیوز) امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کے وفد نے ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا دورہ کیا۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق ملاقات کے دوران واٹر کارپوریشن کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی دستیابی اور سیکورٹی کے حوالے سے حالیہ کیے گئے انتظامات کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کے وفد نے ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی طرف سے حال ہی میں اٹھائے گئے نئے اقدامات اور اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مرکزی دفتر کارساز کا دورہ کیا، امریکی قونصلیٹ جنرل وفد کی نمائندگی سینئر انٹرنیشنل واٹر پالیسی ایڈوائزر امریکی محکمہ خارجہ ڈاکٹر ربیکا پیٹرز، سربراہ اکنامک یونٹ امریکی قونصلیٹ جنرل لیہ سیورینو اور اقتصادی ماہر امریکی قونصلیٹ جنرل قاسم سعید کر رہے تھے، وفد کو سید صلاح الدین احمد، منیجنگ ڈائریکٹر / سی ای او واٹر کارپوریشن نے ایک تفصیلی بریفنگ دی، ان کے ساتھ اسد اللہ خان، چیف آپریٹنگ آفیسر، ایم ڈی سیکرٹریٹ کارساز میں موجود تھے، منیجنگ ڈائریکٹر / سی ای او واٹر کارپوریشن نے وفد کو آنے والے سالوں میں کارپوریشن کی حالیہ اصلاحات، بحالی اور وژن کے بارے میں آگاہ کیا، وفد نے واٹر کارپوریشن کے حال ہی میں قائم کردہ ہائیڈرینٹ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سینٹر کا بھی دورہ کیا۔