آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کر دیا گیا، ایونٹ 19 جنوری سے جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ سری لنکا میں منعقد کیا جانا تھا تاہم سری لنکا کی رکنیت معطل ہونے پر ایونٹ جنوبی افریقہ منتقل کیا گیا۔
انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا میچ 19 جنوری کو کھیلا جائے گا، ایونٹ میں مجموعی طور پر 41 میچز کھیلے جائیں گے جن کےلیے 5 وینیوز کا انتخاب کیا گیا ہے۔
انڈر 19 ورلڈ کپ کا فائنل مقابلہ 11 فروری کو کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے وارم اپ میچز 13 سے 17 جنوری تک ہوں گے۔
انڈر 19 ورلڈ کپ کے گروپ اے میں بھارت، بنگلا دیش، آئرلینڈ اور امریکا شامل ہیں۔ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔
گروپ سی میں آسٹریلیا، سری لنکا، زمبابوے اور نمیبیا موجود ہوں گے جبکہ پاکستان گروپ ڈی میں شامل ہے جس کے ساتھ افغانستان، نیوزی لینڈ اور نیپال کی ٹیمیں اس گروپ کا حصہ ہیں۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم 20 جنوری کو افغانستان کے خلاف میچ کھیلے گی، 24 جنوری کو نیپال اور 27 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلا جائے گا۔