کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے احمد آباد کی بورڈ میٹنگ میں سری لنکا سے انڈر 19 ورلڈکپ کی میزبانی واپس لے کر جنوبی افریقا کے سپرد کردی، ایونٹ جنوری میں ہو گا۔ ترجمان آئی سی سی کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم پر پابندی ختم کردی ہے، سری لنکا ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ میچز میں شرکت کرتی رہے گی تاہم فنڈز کی نگرانی آئی سی سی خود کرے گا۔ آئی سی سی نے ویمنز میچ آفیشلز کی فیس مردوں کے برابر کرنے کا بھی فیصلہ کیاہے، جنوری سے ویمنز مقابلوں میں ایک نیوٹرل امپائر کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔ آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں آزمائشی بنیادوں پر اسٹاپ کلاک متعارف کرانے پر اتفاق کیا۔ اگر بولنگ ٹیم پچھلا اوور مکمل ہونے کے 60 سیکنڈ کے اندر اگلا اوور کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتی ہے تو تیسری بار اننگز میں 5 رنز کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔دریں اثناء آئی سی سی نے انٹرنیشنل خواتین کرکٹ میں ٹرانسجینڈر کرکٹرز کے حصہ لینے پر پابندی لگادی۔