کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ٰنے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ ممبر شپ مہم کا بنیادی مقصد کراچی کے نوجوانوں کو منظم و با اختیار بنانا ان کے بہتر اور روشن مستقبل کے لیے ان میں امید اور یقین کا پیغام عام کرنا اور ایک اسلامی نظریاتی خوشحال پاکستان کی جدو جہد میں شرکت کے لیے تیار کرنا ہے، کراچی کے نوجوانوں کے لیے تعلیم روزگار اور کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں کے مواقع موجود نہیں ہیں، سرکاری ملازمتوں میں تعلیم یافتہ اور اہل نوجوانوں کا حق مارا جاتا ہے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے مل کر کراچی کو تباہ کیا، تعلیمی ادارے برباد اور کھیل کے میدانوں پر قبضے کیئے، جے آئی یوتھ کے ذمہ داران کے ہمراہ ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ نہیں سکتی ، کراچی کے نوجوان، طلبہ و طالبات کراچی یوتھ ممبر شپ کا حصہ بنیں، ممبر شپ مہم کا آغاز ہو چکا ہے، ممبر شپ آن لائین بھی حاصل کی جا سکتی ہے، پریس کانفرنس سے جے آئی یوتھ کراچی کے صدر ہاشم یوسف ابدالی نے بھی خطاب کیا۔