راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر )انسپکٹر جنر ل آف پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہاہے کہ عیدالفطرکی تعطیلات کے دوران مری آنے والوں کی آگاہی کے لئے مہم شروع کی جائے،مری جانے والے راستوں پرعوام کی آگاہی کے لئے سہولت مرکزقائم کئے جائیں۔عید الفطر کے حوالے سے مری میں ٹریفک انتظامات کے لئے راولپنڈی ریجن آفس میں پولیس کے سینئر افسران کے اجلاس میں آئی جی پولیس پنجاب نے کہاکہ گذشتہ برسوں میں عیدالفطرپرمری کے لئے بنائے گئے سیکیورٹی پلان میں موجودنقائص دورکئے جائیں ۔اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد وصال فخر سلطان راجہ ،سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی ،سی ٹی اوراولپنڈی افتخار الحق،ایس پی صدر ڈویژن سردار غیاث گل اور ڈی ایس پی مری سرکل رضاء ا للہ خان نے شرکت کی، انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے دنوں میں مری میں کسی قسم کی ریڑھی اور ٹھیلے وغیرہ کو سٹرک پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی ،مری شہر کے اندرمختلف مقامات پر نو پارکنگ بورڈ لگائے جائیں ، موٹرسائیکل سوار صرف فیملی والوں کو گزرنے کی اجازت دی جائے، آئی جی نے کہا کہ مختلف یونٹوں سے اضافی نفری بھی مہیا کی جائے گی،اور عید الفطر کے دنوں میں مری میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے جوانوں اور افسروں کیلئے مفت کھانا اور ایک بنیادی تنخواہ بطور اعزاز یہ دی جائے گی ۔