اسرائیلی وزیردفاع کے غزہ میں سب سے بڑی سرنگ کے دورے پر فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے جواب دے دیا۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کی سب سے بڑی سرنگ تلاش کرنے اور اس پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا، اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی سرنگ کا دورہ کیا۔
سرنگ کی تلاش کو بڑی کامیابی سمجھنے والی اسرائیلی فوج کو حماس نے استہزایہ جواب دیا۔
حماس نے ردعمل میں کہا کہ تم دیر سے پہنچے، مشن پورا ہوگیا، فلسطینی مزاحمتی تحریک نے اسرائیلی چوکیوں پر حملوں اور اسرائیلی فوجیوں کی گرفتاریوں کی ویڈیوز بھی جاری کر دیں۔
ویڈیو کلپس میں اسرائیلی فوجیوں کو گرفتار کرکے لے جاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مزید 5 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی، اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں ڈرون حملہ کیا۔
غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کے نئے معاہدے کیلئے امریکی سی آئی اے سربراہ کی قطری وزیراعظم اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ سے ملاقات ہوئی۔
بحیرہ احمر میں جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کے بعد ڈنمارک، جرمن کمپنیوں کے ساتھ برطانوی کمپنی نے بھی بحیرہ احمر کے راستے تیل بردار جہازوں کی آمد ورفت معطل کردی۔