پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کےلیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کوچنگ ٹیم میں تبدیلیوں کے بعد کپتان سرفراز احمد کی تبدیلی کی بھی بازگشت سنائی دینے لگی۔
فرنچائز کے مالک ندیم عمر کو سرفراز کی جانب سے فیصلے کا انتظار ہے۔ انکا کہنا ہے کہ اچھا ہوگا سرفراز خود فیصلہ کریں جو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ٹیم کے حق میں جو بہتر ہو وہ فیصلہ کیا جائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے پی ایس ایل 9 کی ڈرافٹ میں سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا لیکن فرنچائز کے مالک ندیم عمر کا کہنا تھا کہ وہ سرفراز کو کپتان بنانے سے متعلق ڈبل مائنڈڈ ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ یہ ’اچھا ہوگا‘ اگر سرفراز گلیڈی ایٹرز کی کپتانی خود ہی چھوڑ دیں اور ضرورت پڑنے پر سرفراز نے ایسا کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔
ندیم عمر نے کہا کہ انہوں نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا لیکن وہ سرفراز کو مکمل اعزاز دیں گے۔
خیال رہے کہ گلیڈی ایٹرز پچھلے چار سیزن میں پلے آف کےلیے بھی کوالیفائی نہ کر سکی، ہر بار آخری یا اس سے اوپر کے نمبر پر رہی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل 9 کےلیے کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلیاں کی ہیں جہاں معین خان کو ٹیم ڈائریکٹر، شین واٹسن کو ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ کو فاسٹ بولنگ کوچ اور جنوبی افریقہ کے ریان مارون کو فیلڈنگ کوچ مقرر کردیا۔