کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ غزہ کے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی پر مسیحی برادری کے جذبات کی قدر کرتے ہیں،موجودہ عالمی صورت حال کے پیش نظر کراچی میں مسیحی راہنماؤں کی جانب سے کرسمس سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہاں کے عوام اور کے ایم سی اس اہم موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ ہے،مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کے اطراف ہر ممکن بلدیاتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، وہ بدھ کو یہاں سینٹ اینتھونی اور ہولی ٹرینیٹی چرچ کے دورے میں کارڈینل جوزف کوٹس اور بشپ فریڈرک جون سے ملاقات کررہے تھے، میئر نے کارڈینل جوزف کوٹس کے ساتھ کیک کاٹ کر کرسمس کی مبارک باد دی، کارڈینل جوزف کوٹس نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے باعث کرسمس سادگی سے منائیں گے، مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے 22 دسمبر کو کراچی میں دعائیہ تقریب ہوگی، جس میں میئر کراچی کی شرکت ہمارے لئے باعث اعزاز ہوگی، ہولی ٹرینیٹی چرچ صدر کے دورے میں بشپ فریڈرک جون نے میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ان کی خوشیوں میں شرکت کے لئے چرچ آئے، میئر نے کہا کہ صدر میں گاڑیوں کی پارکنگ کے مسائل حل کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔