کراچی(نیوزڈیسک)بھارتی ریاست تامل ناڈو میں طوفانی بارشیں جاری ہیں جس دوران پیش آنے والے حادثات میں 10افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 2دنوں سے ریاست کے جنوبی اضلاع میں شدید بارشیں ریکارڈ کی جارہی ہیں جس کے سبب نظام زندگی بری طرح متاثر ہے۔تامل ناڈو حکام کا کہنا ہےکہ ضلع ترونل ویلی اور دیگر اضلاع میں بارش کے دوران دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے۔حکام کے مطابق ضلع توتیکورن کے علاقے کیالپٹنم میں گزشتہ 2دنوں میں 1186ملی میٹر بارش ہوئی اور تروچندر میں 921ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ ضلع توتیکورن میں بہت سے مقامات اور گاؤں ندی کے کنارے واقع ہیں جو سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوئے۔حکام نے بتایا کہ سیلاب اور ہنگامی صورتحال سے عوام کو ریسکیو کرنے میں بحریہ، فضائیہ، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس سمیت دیگر ریاستی اداروں کے تقریباً ایک ہزار 343اہلکاروں نے حصہ لیا۔