کراچی(اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے کراچی یونیورسٹی کی ریٹائرڈ استاد کو سینڈیکیٹ کا رکن بنائے جانے کے خلاف سپلا (SPLA) کی جانب سے دیئے جانے والے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی اپنے کسی بھی استاد خواہ ریٹائرڈ ہو یا حاضر سروس، کے خلاف نا مناسب الفاظ کے استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔ انجمن اساتذہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک کالج استاد کی جانب سے اس طرح کے الفاظ کا استعمال خود اساتذہ کے درجہ کی توہین ہے۔ الحاق شدہ کالجوں کی نشست پر مقرر کی گئی رکن سینڈیکیٹ نا صرف 30 برس تک جامعہ کراچی کی فیکلٹی سے وابستہ رہیں بالکہ انجمن اساتذہ کی بھی فعال رکن رہ کر رئیس کلیہ فنون کے عہدے سے ریٹائر ہوئی ہیں۔ تاہم ایسی خاتون کے بارے میں سپلا کے مرکزی رہنما کی جانب سے مسلسل تضحیک آمیز اور نامناسب زبان کا استعمال ایک استاد اور بالخصوص خاتون ٹیچر کے حوالے سے کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔