• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ایمن سلیم اور کامران ملک -- بشکریہ تصاویر سوشل میڈیا
ایمن سلیم اور کامران ملک -- بشکریہ تصاویر سوشل میڈیا

ڈرامہ سیریل ’چپکے چپکے‘ سے مقبولیت حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ ایمن سلیم چپکے سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سلیم یوسف کی بیٹی اور اداکارہ نے نکاح کے بعد اپنی تصاویر اپنے شریک حیات کے ہمراہ شیئر کردیں۔

اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں ایمن سنہرے اور ہلکے گلابی عروسی جوڑے میں نظر آئیں جبکہ ان کے شوہر نے اس پُرمسرت موقع پر سفید شلوار قمیص کے ساتھ گلابی ویسٹ کوٹ کا انتخاب کیا۔

مذکورہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ یہ ہیں میرے ہمیشہ کے لیے، الحمداللہ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دل والے ایموجی کا اضافہ بھی کیا۔

اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں شادی کی تاریخ یعنی 22 دسمبر 2023 بھی درج کی، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اداکارہ کا نکاح گزشتہ روز اپنے قریبی عزیز و اقارب کی موجودگی میں ہوا۔

ایمن سلیم کے نکاح کے اعلان کے بعد ان کی پوسٹ پر ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب اداکارہ کے منیجر خاور بیدی نے بھی ان کے نکاح کی تقریب کی چند تصاویر اور ویڈیو شیئر کیں اور انہوں نے ایمن سلیم کے شریک حیات کا نام بھی بتایا۔

خاور بیدی کے مطابق ایمن سلیم کے شریک حیات کا نام کامران ملک ہے، تاہم انہوں نے ان سے متعلق مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید