بھارت کی ہندی فلم نگری میں ایک ایسا اداکار بھی موجود ہے جس کے پاس شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن جیسے بڑے اور مالدار اداکاروں سے بھی زیادہ مہنگا گھر ہے۔
بھارتی فلمی ستاروں کے گھر سیاحتی مقامات بن چکے ہیں۔ کسی بھی وقت، شاہ رخ خان کے منّت، امیتابھ بچن کے جلسہ یا سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر مداحوں کا ہجوم دیکھا جا سکتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ لوگ یہ سمجھ بیٹھتے ہیں کہ شاید ان لوگوں میں سے ہی کسی سپر اسٹار کا گھر سب سے مہنگا ہوگا، لیکن یہاں آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ ایسا نہیں ہے۔
بالی ووڈ اداکاروں میں جس اداکار کے پاس سب سے مہنگا گھر ہے وہ کوئی اور نہیں بلکہ چھوٹے نواب سیف علی خان ہیں۔
بھارت میں آزادی سے قبل 500 سے زائد نوابی ریاستیں موجود تھیں، جو اس وقت کی شاہی حکومتوں کی نمائندگی کرتی تھیں لیکن 1970 کی دہائی کے بعد کاروباری شخصیات اور فلمی ستارے بھارتی معاشرے کے نئے اشرافیہ بن گئے۔
کئی بار پرانی اور نئی شاہی حیثیت آپس میں مل جاتی ہے جیسا کہ سیف کے معاملے میں ہوا جو بھارت کے سب سے مہنگے گھر میں رہتے ہیں۔
متعدد رپورٹس کے مطابق سیف علی خان کا پٹودی پیلس 800 کروڑ روپے مالیت کا ہے، جو منّت (200 کروڑ روپے) اور جلسہ (100 کروڑ روپے) سے کہیں زیادہ قیمتی ہے۔ دیگر بھارتی ستاروں کے محل نما گھر 50 سے 100 کروڑ روپے کے درمیان ہیں لیکن پٹودی پیلس کے بھاری قیمت کے قریب بھی نہیں۔
ابراہیم کوٹھی کے نام سے مشہور پٹودی پیلس ہریانہ کے علاقے گروگرام کے مضافات میں واقع پٹودی کے قصبے میں موجود ہے۔ یہ محل سابق نواب پٹودی کا رہائشی مقام تھا۔ سیف علی خان اب رسمی طور پر لقب ’پٹودی‘ کے حامل ہیں لیکن ان کے والد اور دادا یہاں حکمرانی کرتے تھے۔
یہ محل سیف کے دادا اور سابق بھارتی کرکٹر افتخار علی خان پٹودی نے 1930 کی دہائی میں اپنی شادی کے بعد تعمیر کروایا تھا۔ انہوں نے محسوس کیا کہ ان کا پرانا گھر ان کی نئی دلہن کےلیے مناسب نہیں اس لیے انہوں نے برطانوی آرکیٹیکٹ رابرٹ ٹور رسل کو ایک یورپی طرز کا محل بنانے کی ہدایت دی۔
سیف اکثر اپنی اہلیہ کرینہ کپور اور بچوں تیمور اور جہانگیر کے ساتھ یہاں وقت گزارتے ہیں۔ جبکہ سیف اور امریتا کے بچے سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان بھی یہاں چھٹیاں منانے آتے ہیں۔
سیف کی بہنیں صبا علی خان اور اداکارہ سوہا علی خان بھی محل میں گزارے گئے وقت کی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔ پٹودی خاندان اکثر سالگرہ اور تہواروں جیسے خاص مواقع یہاں مناتا ہے، جہاں سیف کی والدہ شرمیلا ٹیگور بھی موجود ہوتی ہیں۔