پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ارمینا خان کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے والد کے انتقال کے بعد نماز کی پابندی کرنا شروع کردی ہے۔
ارمینا خان نے اپنی انسٹااسٹوری میں نماز کی پابندی نہ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ میں اپنے والد کے انتقال کے بعد ان کی نصیحت پر اب کوشش کر رہی ہوں کہ ہر نماز وقت پر ادا کروں۔
اُنہوں نے لکھا کہ میں نے نماز سے متعلق ایک جگہ پڑھا تھا کہ ’اگر اللّٰہ آپ کو نماز پڑھنے کی توفیق نہیں دے رہا اور پھر بھی آپ کی زندگی پُرسکون ہے یعنی اللّٰہ آپ کو دنیا میں تمام آسائشوں سے نواز رہا ہے اور آخرت کے لیے آپ نے کچھ نہیں کیا۔
اداکارہ نے لکھا کہ اس بات نے مجھے خوفزدہ کردیا کہ ایسا انسان جسے زندگی میں سب کچھ مل گیا اسے آخرت میں کچھ نہیں ملے گا۔
اُنہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ میں دین کی تبلیغ کر رہی ہوں تو ایسا بالکل نہیں ہے۔
ارمینا خان نے لکھا کہ میں صرف اپنی زندگی کے اس روحانی سفر کے لیے کافی پُر جوش ہوں اور اس سفر کے بارے میں ان لوگوں کو بتانا چاہتی ہوں جو میرے خیر خواہ ہیں۔
اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے لکھا کہ اللّٰہ جانتا ہے کہ میں پرفیکٹ نہیں ہوں اس لیے اگر انجانے میں کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو میں معذرت خواہ ہوں۔