بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم دھریندر میں اداکار رنویر سنگھ کا کردار نہ ملنے پر افسوس محسوس کرتے ہیں۔
اکشے کمار نے یہ بات دہلی میں ایک سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، جس کا عنوان دی کھلاڑی: میتھڈ بیہائنڈ دی ہٹ مشین تھا۔
گفتگو کے دوران بلاک بسٹر فلم دھریندر کے بارے میں رائے اور اس فلم کا حصہ نہ بننے پر سوال کیا گیا۔
اس موقع پر اکشے کمار سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا انہیں دوسرے اداکاروں کو ایسی بڑی فلمیں ملنے پر کبھی حسد یا عدم تحفظ محسوس ہوتا ہے؟
اس پر اکشے کمار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہدایت کار نے اس کردار کے لیے مجھے موزوں سمجھا، اسی لیے مجھے یہ فلم نہیں ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کبھی کبھار جب میری ملاقات رنویر سنگھ سے ہوتی ہے تو میں بھی کہتا ہوں کہ یہ ایک شاندار فلم تھی اور کاش میں اسے کرتا، فلمی دنیا میں ایسا اکثر ہوتا ہے کہ کچھ فلمیں ایک اداکار کرنا چاہتا ہے اور کچھ دوسری فلمیں کوئی اور اداکار کرنا چاہتا ہے۔
اکشے کمار نے کہا کہ بھارت میں تقریباً 15 سے 20 بڑے اداکار ہیں جبکہ ہر سال تقریباً 180 فلمیں بنتی ہیں، اس لیے ہر ایک کو کام مل جاتا ہے، کسی فلم کے نہ ملنے پر افسوس تو ہوسکتا ہے لیکن حسد کی کوئی بات نہیں۔
دریں اثناء اکشے کمار کی نئی فلم بھوت بنگلہ 10 اپریل 2026ء کو ریلیز ہونے والی ہے۔