کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت نے کہا ہے کہ ، انسداد پولیو قومی مقصد ، میڈیکل افسران اورپولیو ٹیمیں مربوط طور پر اپنا کردار ادا کریں، یقینی بنائیں کہ ہر بچے کو لازمی پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل ہو، انکار کرنے والے بچوں تک رسائی کے لئے اسسٹنٹ کمشنرزسے مدد حاصل کریں، جب تک ایک بچہ بھی پولیو کے قطروں سے محروم ہے پولیو وائرس کی موجودگی کا امکان باقی رہے گا، انہوں نے پیر کو یہاں ضلع جنوبی، ملیر اور ضلع وسطی میں ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کا دور رے کئے ، منگل کو وہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کا دورہ کریں گے اور انسداد پولیو کی کوششوں کو موثر بنانے کے لئے محکمہ ہیلتھ کے افسران کے ساتھ اجلاس کریں گے، کمشنر کراچی نے جنوبی، ملیر اور وسطی اضلاع کے دفاتر میں قائم ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں یونین میڈیکل افسران کے اجلاس کی صدارت کی اور ان سے کارکردگی کے بارے میں بریفنگ لی اور اسے بہتر بنانے پر زور دیا۔ پولیو ٹاسک فورس کے کو آرڈینیٹر سعود یعقوب کھوسو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے مانیٹرز/ کمیونی کیشن افسران اور محکمہ صحت کے فوکل پرسنز بھی موجود تھے۔