حب(این این آئی) کراچی کسٹم کا حب پولیس چوکی پر حملہ پولیس آفیسر کو پٹائی کرکے اپنے ساتھ لے گئے،حب پولیس اور کراچی کسٹم کے جھگڑے کے دوران ٹرانسپورٹرز نے روڈ بلاک کردی اور رات گئے تک ٹریفک شدید جام رہا ۔ پولیس کے مطابق جمعرات اور جمعہ کے درمیانی شب سندھ بلوچستان کے سنگم حب ندی پر قائم حب سٹی پولیس چیک پوسٹ کے قریب اچانک سادہ لباس اسلحہ بردار کچھ لوگ آئے اور ایک کار والے کو پکڑنے لگے کار والا بھاگتا ہوا پولیس چیک پوسٹ پر آیا اور کہا کہ یہ چور مجھے لوٹ رہے ہیں جس پر چیک پوسٹ پر موجود حب سٹی پولیس کے ڈیوٹی آفیسر اے ایس آئی ارشاد مجید نے انکو روکا شناخت پوچھی تو وہ خود کو کراچی کسٹم کا کہہ کر پولیس آفیسر سے الجھ پڑے ،اتنے میں پولیس کی طرف کال چلائی گئی ۔ذرائع کے مطابق اس دوران سادہ لباس کراچی کسٹم کے اہلکاروں نے فائرنگ بھی کی تاہم پولیس نفری کے ساتھ ایس ایچ او حب سٹی موقع پر پہنچے اور حب پولیس اورکراچی کسٹم کے آفیسرز اور اہلکاروں کے درمیان موچکو میں قائم کراچی کسٹم چیک پوسٹ پر معاملہ سلجھا دیا تاہم قائم مقام ڈی ایس پی حب سرکل شاہنواز مینگل نے بتایا کہ جب ایس ایچ او اور ڈیوٹی آفیسر واپس ہوئے تو اچانک کراچی کسٹم کے چالیس سے زائد اہلکاروں نے ان پر حملہ کردیا ،ایس ایچ او حب سٹی کو گھسیٹا اور ڈیوٹی آفیسر ارشاد مجید کو زبردستی اپنے ساتھ اٹھا کر لے گئے حالانکہ جہاں یہ معاملہ شروع ہوا تھا وہ کراچی کسٹم کی نہیں گوادر کلیکٹریٹ کی حدود ہے ۔ڈی ایس پی کے مطابق اگر کراچی کسٹم کو کسی قسم کی کاروائی کرنی تھی تو قانون کے مطابق حب پولیس کو اطلاع کرتے مگر اس طرح چوری سے آنا اور پھر حملہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔