پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور سینیٹر وقار مہدی نے حافظ نعیم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی وصیت ہمارے لیے مقدس دستاویز اور مشعل راہ ہے۔
ایک بیان میں سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کروڑوں عوام کی مقبول جمہوری سیاسی پارٹی ہے، حافظ نعیم کی جماعت اسلامی مولانا مودودی کے بیانیہ کو چھوڑ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی شہید بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور متفقہ دستور دیا، جماعت اسلامی کی پوٹلی میں شر اور فساد پھیلانے کے سوا اور کیا ہے۔
وقار مہدی کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے نام نہاد جہاد کے جھانسے میں دوسروں کے بچے مروا کر اپنے بچوں کو امریکی گرین کارڈ دلوائے۔
واضح رہے کہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا تھا کہ ن لیگ ایک خاندان کی میراث ہے، پی پی میں ایک خاندان اور 40 وڈیرے ہیں، ای سی پی کو خط لکھا ہے کہ پی پی اور ن لیگ جمہوریت دشمن پارٹیاں ہیں، انٹرا پارٹی الیکشن پر ان پارٹیز کے خلاف بھی ایکشن لیں۔