حال ہی میں طویل علالت کے باعث انتقال کرجانے والے سینئر اداکار خالد بٹ کا مبینہ جذباتی وائس نوٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹک ٹاک پر ایک وائس نوٹ گردش کر رہا ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مذکورہ آڈیو کلپ مرحوم اداکار خالد بٹ کا ہے، جس میں وہ جذباتی انداز میں اپنے پوتے سے اس کی شادی میں آنے سے معذرت کرتے ہوئے اسے اپنی صحت سے آگاہ کر رہے ہیں۔
گردشی وائس نوٹ میں خالد بٹ کو کانپتی ہوئی آواز میں یہ کہتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے کہ ’شکریہ زاہد صاحب، میں نہیں جانتا کہ آپ کو کیسے بتاؤں۔ میں واش روم بھی نہیں جا سکتا۔ میں بول بھی نہیں سکتا۔ میرا جگر ٹرانسپلانٹ کیا جائے گا، اس نے کام کرنا تقریباً بند کر دیا ہے۔ ڈاکٹروں نے لیور ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا ہے اور یہ حتمی ہے‘۔
انہوں نے اپنے لیور ٹرانسپلانٹ کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ ’کل میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (اپنی رپورٹس کے ساتھ) جاؤں گا، جہاں وہ جگر اور گردے کی پیوند کاری کریں گے۔ میرا معدہ بھی بہت کمزور ہو گیا ہے، میں صحت کے متعدد مسائل سے نمٹ رہا ہوں‘۔
خالد بٹ نے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’میری صحت کے لیے دعا کریں، میں اپنے ڈرامے کی شوٹنگ کے سلسلے میں گلگت میں تھا، انہوں نے مجھے 8 دن کے لیے گھر بھیج دیا، اب میں واپس گلگت آ گیا ہوں‘۔
مبینہ وائس نوٹ کے اختتام میں انہوں نے اپنے بچوں اور بچیوں کے لیے پیار بھیجا اور اپنی والدہ ، دادی اور پڑ دادی کو بھی یاد کیا۔
مذکورہ گردشی آڈیو کلپ منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا اور مداح اسے سن کر غمزدہ ہوگئے اور مرحوم اداکار کو یاد اور ان کی مغفرت کی دعائیں کرتے دکھائی دیے جبکہ ایک سوشل میڈیا صارف کو ان کی آواز سن کر اپنے والد کی یاد آگئی۔
ایک اور صارف نے خالد بٹ کی شائستگی کی تعریف اور ان کے درجات بلند ہونے کی دعا کی۔
جیو کے سُپر ہٹ ڈرامہ سیریل ’خئی‘ میں اپنی لاجواب اداکاری کا مظاہرہ پیش کرنے والے پاکستان ٹیلی ویژن، فلم اور تھیٹر کے مشہور اداکار خالد بٹ طویل علالت کے بعد 11 جنوری کو اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔
انہوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1970 میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیا تھا، پھر 1978 میں انہیں انہیں بطور اداکار پرفارم کرنے کا موقع ملا اور پھر وہ بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ، دلّی اور دیگر کئی مشہور ڈراموں میں نظر آئے۔