• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیہا شرما کی بغیر اجازت اے آئی ویڈیوز، تصاویر بنانے والوں کو سخت وارننگ

ہندی اور تیلگو فلموں کی اداکارہ نیہا شرما نے بغیر اجازت ان کے چہرے یا شکل و صورت کو استعمال کرکے اے آئی ویڈیوز اور تصاویر بنانے والوں کو سخت وارننگ دی ہے۔ 

39 سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کے چہرے کو اس انداز میں استعمال کرنا کہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچے، ناقابل قبول ہے۔ 

مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال نے دنیا بھر میں لوگوں خصوصاً معروف شخصیات کے لیے تشویش پیدا کردی ہے اور ڈیپ فیک ویڈیوز، تبدیل شدہ ویڈیوز اور شناخت کے غلط استعمال کے متعدد واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ اس حوالے سے قانونی کارروائی کرنے والے اداکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

اب نیہا شرما نے بھی اس معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ان افراد کو خبردار کیا ہے جو ان کے چہرے اور شکل و صورت کو استعمال کرکے اے آئی سے تیار کردہ مواد بنا رہے ہیں۔

انھوں نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بغیر اجازت  اے آئی سے تیار ویڈیوز یا تصاویر بنانے والے تمام افراد کو باضابطہ طور پر خبردار کیا اور کہا پہلے سے شائع کیا گیا ایسا تمام مواد فوری طور پر ہٹا دیا جائے اور میری شناخت استعمال کرتے ہوئے ان میں ترمیم کرنے یا انہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ میری ساکھ کو نقصان پہنچانا مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ 

انھوں نے قانونی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے باضابطہ وارننگ سمجھا جائے۔ میں ایسا مواد بنانے، پوسٹ کرنے یا پھیلانے کے ذمہ دار ہر فرد کے خلاف قانونی کارروائی کروں گی۔ کسی کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ جعلی اکاؤنٹ کے پیچھے چھپ کر یا اے آئی کا استعمال کرکے وہ اپنے اعمال کی جواب دہی سے بچ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ متعدد بھارتی اداکار بھی ڈیپ فیک کے خلاف آواز اٹھا چکے ہیں۔ نیہا شرما ان متعدد بھارتی شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے ڈیپ فیک کے معاملے پر آواز بلند کی اور شخصی حقوق کو اے آئی کے ذریعے ہونے والے غلط استعمال سے محفوظ رکھنے کے لیے عدالتوں سے رجوع کر چکے ہیں۔

اکشے کمار، ورون دھون، انیل کپور، شلپا شیٹھی، پریتی زینٹا، کارتک آریان، مرونل ٹھاکر، سنیل شیٹھی اور کئی دیگر نے اس معاملے پر عدالتوں سے رجوع کیا ہے۔ 

بھارت میں ڈیپ فیک کے حوالے سے بحث میں ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب اداکارہ رشمیکا مندانا نے ان کی تبدیل شدہ ویڈیو وائرل ہونے پر ردعمل ظاہر کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید