پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ کل کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ ہوم ٹیم کو پانچ میچز کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا فیصلہ تو ہو چکا۔ اب گرین شرٹس کا ہدف کلین سوئپ سے بچنا ہے جس کےلیے آخری دو میچز باقی ہیں۔
امکان ہے سیریز کے چوتھے میچ کےلیے ٹیم پاکستان میں ایک سے دو تبدیلیاں کی جائیں لیکن اس کا فیصلہ صبح ہی کیا جائے گا۔
دوسری جانب کرکٹ نیوزی لینڈ نے تماشائیوں کو خبردار کیا ہے کہ سیریز میں چھکے بہت زیادہ لگ رہے ہیں اسٹیڈیم آنے والے تماشائی بال پر نظر رکھیں فینز اسٹینڈز میں چوکس رہیں۔
گزشتہ میچ میں فن ایلن نے 16 چھکے لگائے جبکہ بابراعظم کی جانب سے لگائی گئے ایک ہٹ تماشائی کے سر پر جا لگی تھی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرائسٹ چرچ میں ہونے والے میچ کی تمام ٹکٹس فروخت ہوچکی ہیں، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 11 بجکر 10 منٹ پر شروع ہوگا۔