• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب ملک اور ثناء جاوید کی شادی سے متعلق سوالات پر بشریٰ انصاری برہم

بشریٰ انصاری— فائل فوٹو
بشریٰ انصاری— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے کرکٹر شعیب ملک اور اداکارہ ثناء جاوید کی شادی سے متعلق فون کر کے سوالات پوچھنے والوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

بشریٰ انصاری نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہیں شدید غصّے میں دیکھا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے ویڈیو میں کہا ہے کہ آج صبح سے اس ملک میں آگ لگی ہوئی ہے کہ سب کو یہ جاننا ہے کہ کیا واقعی ثناء جاوید نے شعیب ملک سے شادی کر لی، سوشل میڈیا پر ان کی شادی کی جو تصاویر آ رہی ہیں وہ سچی ہیں یا جھوٹی ہیں؟

اداکارہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ وائرل ہو رہا ہے یہ سب ہم بھی دیکھ رہے ہیں لیکن اس کے بارے میں پوچھنے کے لیے مجھے کیوں فون آ رہے ہیں یہاں تک کہ مختلف چینلز کے بھی فون آ رہے ہیں جس پر مجھے تو آج غصہ ہی چڑھ گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کیا میں شعیب ملک کے ساتھ اسکول میں پڑھتی تھی یا ثناء جاوید میرے ساتھ بچپن میں کھیلتی تھی؟ یا پھر میں ان کی فیملی میں ہوں؟ لوگ مجھے کیوں فون کر رہے ہیں؟ میں ایسے بے وقوفانہ سوالوں کے کیوں جواب دوں؟ مجھےاس طرح کی باتوں پر بہت غصہ آتا ہے، لوگوں کو خدا کا کوئی خوف نہیں ہے؟

بشریٰ انصاری نے کہا کہ ان کی شادی ہو گئی ہے تو اچھی بات ہے خوش رہیں، آپ کوئی خوشی کی بات کرنے کے بجائے کٹنیوں کے (لگائی بھجائی کرنے والے) کام کر رہے ہیں کہ پتہ کریں کس کے اس شادی کے بارے میں کیسے تاثرات ہیں؟

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کیوں لوگوں کی زندگیوں میں دخل دیتے ہیں، لوگوں کو خدا کا خوف نہیں ہے، یہ سوشل میڈیا ہے یا ’کٹنی‘ ہے، ملک کا کیا حشر ہو گیا ہے، ملک میں بے روزگاری ہے، اتنے مسئلے ہیں جن کے بارے میں فکر کرنی چاہیے لیکن لوگوں کو صرف دوسروں کی زندگیوں میں دخل دینے کی پڑی ہوئی ہے، ایسے کام کرنا بند کر دیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید