• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بگ باس 17 جیتنے والے منور فاروقی کون ہیں؟

منور فاروقی، فائل فوٹو
 منور فاروقی، فائل فوٹو 

معروف بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کا سیزن 17 جیتنے والے منور فاروقی مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈین، یوٹیوبر اور ریپر ہیں۔

 منور فاروقی بھارتی ریاست گجرات کے شہر جونا گڑھ میں پیدا ہوئے تھے جہاں اُنہیں مسلمان ہونے اور اپنے والد کے کاروبار میں نقصان ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

اُنہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ میری فیملی ابتداء میں مالی طور پر مستحکم تھی لیکن اچانک میرے والد کو کاروبار میں بہت نقصان ہونے لگا جس کے بعد ایسا وقت بھی آیا کہ میرے والدین کے لیے میری اسکول کی فیس دینے میں بھی مشکل پیش آ رہی تھی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق منور فاروقی کا شمار 2002ء میں بھارتی ریاست گجرات میں ہونے والے ہندو مسلم فسادات کے متاثرین میں بھی ہوتا ہے ان فسادات کے دوران ان کا گھر تباہ ہوگیا تھا۔

منور فاروقی نے 2020ء میں اپنا یوٹیوب چینل لانچ کیا اور جلد ہی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 2021ء میں اُنہوں نے ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ جیل میں بھی گزارا کیونکہ ان پر اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کے دوران اپنے تبصرے سے ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزامات عائد تھے۔

منور فاروقی نے ایک انٹرویو میں جیل میں گزرنے والے وقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جیل گزرنے والا وقت اور وہاں مجھے ملنے والا کھانا اتنا برا تھا کہ میں کبھی کسی دشمن کے لیے بھی ایسا نہیں چاہوں گا کہ وہ جیل جائے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اُنہیں بھارتی سپریم کورٹ کے احکامات پر جیل سے37 دن بعد رہا کردیا گیا تھا۔

منور فاروقی رئیلیٹی شو بگ باس کا سیزن 17 جیتنے سے پہلے ایک اور بھارتی رئیلیٹی شو لوک اَپ کے سیزن 1 کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرچکے ہیں جس کی میزبانی بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید