لاہور (نسیم قریشی سے) ایل ڈی اے کی جانب سے رہائشی پلاٹوں کی مستقل کمرشلائزیشن پر پابندی کے باوجودقصور کی حدود میں واقع واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی قصور(واپڈا ٹائون قصور )میں رہائشی پلاٹوں کے سینکڑوں کمرشل پلاٹ بنا کر غیر قانونی طور پرکروڑوں روپے میںفروخت کردیئے گئے ہیں۔ ایل ڈی اے نے بغیر اجازت رہائشی پلاٹوں کو کمرشل کرنے پر انکوائری شروع کرنے کے احکامات دے دیئے۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کی جانب سے لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ کی حدود میں ہائوسنگ سوسائٹیوں میں رہائشی پلاٹوں کی مستقل کمرشلائزیشن کرنے پر پابندی عائد ہے جبکہ واپڈا ٹائون قصور کی انتظامیہ نے رہائشی پلاٹوں کو ایک ایک مرلے کے پلاٹوں کی سب ڈویژن کرکے کمرشل پلاٹ بنا کرکروڑوں روپے کے فروخت کردیئے ہیں جس کا پتہ چلنے پر ایل ڈی اے کی مجاز اتھارٹی نے انکوائری کے احکامات دیئےہیں۔ جبکہ اس حوالے سے چیف میٹروپولیٹن، ایل ڈی اے وحید بٹ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سے سکیم پلان ریوائزکروائے بغیر رہائشی پلاٹوں کو کمرشل کرنا غیر قانونی ہے اور واپڈا ٹائون قصور نے اپنا سکیم پلان ریوائزنہیں کر ایا ہے۔اس حوالے سے واپڈا ایمپلائزکوآپریٹوہائوسنگ سوسائٹی قصورکے سیکریٹری جنرل ایوب کھوکر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ 28جون 2016کو انہوں نے جنرل سیکریٹری کا عہدہ چھوڑدیا ہے اب سوسائٹی کے معاملات ایڈمنسٹریٹرچلا رہا ہے،رہائشی پلاٹوں کو کمرشل کرنے کے حوالے سے ایوب کھوکر نے جنگ کو بتایا کہ رہائیشی پلاٹوں کوکمرشل پلاٹوں میں تبدیل باقاعدہ ٹی ایم اے پتوکی میں سکیم کا ریوائزپلان جمع کروا کر قانونی طور پر کمرشل کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کے پاس ابھی ان کی سوسائٹی نہیں ہے۔