• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، اسرائیلی فوج نے قبرستان تباہ کردیا، بمباری میں 128 شہید

کراچی، غزہ (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) غزہ، اسرائیلی فوج نے قبرستان تباہ کردیا، مختلف علاقوں پر بمباری میں مزید 128 افراد شہید، صیہونی افواج نے ایک مسجد کو بھی شہید کردیا، اسرائیلی فوجی ٹینکوں نے العمل اسپتال پر دھاوا بول دیا، اسپتال پر شدید شیلنگ، مریضوں اور بے گھر افراد کو بندوق کی نوک پر زبردستی نکال دیا، بے گھر افراد کے ٹینٹس جلادیئے گئے، اسرائیلی فوجیوں نے غزہ سے چھینی گئیں درجنوں میتیں فلسطینیوں کے حوالے کردیں جنہیں سپرد خاک کردیا گیا ہے، غزہ کی وزارت مذہبی امور کے ایک ذریعہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیل نے انہیں تقریباً دو ہفتے قبل خان یونس کے مشرق میں واقع بنی سہیلہ قبرستان سے چرایا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے قبرستان کو بھی تباہ کردیا، قبروں کو اکھاڑ کر میتوں کی بے حرمتی کی گئی، غزہ پر بے رحمانہ بمباری میں مزید 128 فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 26 ہزار 651 ہوگئی ہے، شہداء میں 11 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں، حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کیساتھ جنگ بندی معاہدے کی نئی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں تاہم ان کی ترجیح جنگ کا مکمل خاتمہ اور اسرائیلی افواج کی غزہ سے واپسی پر مرکوز ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بدلے تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا نہیں کریں گے، انہوں نے غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلا کا مطالبہ بھی مسترد کردیا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید