• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان سے پہلے جج محمد بشیر نے کن اہم شخصیات کو سزا سنائی؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آج پاکستان کے ایک اور سابق وزیراعظم کو سزا سنادی۔

جج محمد بشیر رواں سال  14 مارچ  کو ریٹائر ہو رہے ہیں تاہم انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل پاکستان کے ایک اور سابق وزیراعظم کو سزا سنادی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت نے سماعت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو 10 سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا ہے۔

اس سے قبل احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ہی العزیزیہ اسٹیل ملز اور ہل میٹل کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو سزائیں سنائی تھیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج محمد بشیر نے 2018ء میں ایون فیلڈ پراپرٹیز کیس میں نواز شریف کو 10سال قید بامشقت، مریم نواز کو 7 سال قید بامشقت اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی جبکہ حسن اور حسین نواز کو اشتہاری ملزم قرار دیا گیا تھا۔

بعدازاں گزشتہ برس اکتوبر میں لندن سے واپس آنے کے بعد نواز شریف نے جج محمد بشیر کی ہی عدالت میں سرینڈر کیا تھا۔

اس کے علاوہ جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری، اور سابق وزیر اعظم  یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ کیس بھی سنا جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  ایل این جی ریفرنس اور راجہ پرویز اشرف  رینٹل پاور کیس میں جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید