فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رجسٹرڈ ووٹرز کے اعداد و شمارجاری کردیے، جن میں دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں۔
فافن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رجسٹرڈ ووٹرز کے تناسب سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 67 حافظ آباد میں سب سے زیادہ 8 لاکھ 10 ہزار 723 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 244 میں سب سے کم ووٹ ایک لاکھ 55 ہزار 824 ہیں. خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کا سب سے بڑا حلقہ این اے 18 ہری پور ہے، این اے 18ہری پور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 24 ہزار 915 ہے۔
فافن کے مطابق خیبر پختونخوا میں این اے 12 کوہستان میں سب سے کم ووٹرز ایک لاکھ 96 ہزار 125 ہیں۔
سندھ میں این اے 209 سانگھڑ ووٹرز کے اعتبار سے سب سے بڑا حلقہ ہے، این اے 209 سانگھڑ میں 6 لاکھ 7 ہزار638 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، سندھ میں این اے 244 کراچی میں سب سے کم ووٹرز ایک لاکھ 55 ہزار 824 ہیں۔
فافن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں این اے 255 میں سب سے زیادہ 5 لاکھ 32 ہزار 537 ووٹرز ہیں، بلوچستان میں این اے 264 کوئٹہ میں سب سے کم ووٹرز ایک لاکھ 96 ہزار 752 ہیں۔
پنجاب میں سب سے کم رجسٹرڈ ووٹرز این اے 124 لاہور میں 3 لاکھ 10 ہزار 116 ہیں۔ اسلام آباد کے تین حلقوں میں این اے 47 سب سے بڑا حلقہ ہے، این اے 47 میں 4 لاکھ 33 ہزار 202 ووٹرز ہیں۔
این اے 48 اسلام آباد میں ووٹرز کے اعتبار سے چھوٹا حلقہ ہے، این اے 48 اسلام آباد میں 2 لاکھ 92 ہزار 380 ووٹرز ہیں۔