پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ جو راتوں رات ہوا، اُسے درست کرنے کی ضرورت ہے۔
جیو نیوز خصوصی الیکشن نشریات کے دوران ولید اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی اس بات پر اعتراض کررہی ہے کہ جو نتائج دکھائے جارہے ہیں وہ ٹھیک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فارم 45 اور فارم 47 میں تضاد ہے، دونوں فارمز میں تقریباً 50 فیصد تک کا فرق ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ دراصل الیکشن کمیشن اپنے رولز پر عمل نہیں کرسکا، سوال تو یہ ہے کہ کیا قاعدے اور قانون کے مطابق نتائج آرہے ہیں؟
اُن کا کہنا تھا کہ وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی اکثریت میں ہے، امید ہے عدالتی کارروائی اتنی ہی رفتار سے ہوگی، جس رفتار سے بانی پی ٹی آئی کیخلاف کیسز میں ہوئی۔
ولید اقبال نے یہ بھی کہا کہ مصدق ملک کو مبارکباد دیتا ہوں، ہمارا کسی جماعت سے اس وقت رابطہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم سے ایک معاہدہ ہوا تھا کہ اگر کسی نشست پر وہ امیدوار کھڑا کریں گے تو ہم نہیں کریں گے۔
Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates