پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) سے وزیراعظم کیلئے پارٹی امیدوار عمر ایوب کو ووٹ دینے کیلئے حمایت مانگ گی۔
پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی کے سربراہ اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔
جے یو آئی رہنماؤں حافظ حمداللّٰہ اور ضیاء الرحمان نے پی ٹی آئی وفد کا استقبال کیا۔
تحریک انصاف کے وفد میں عامر ڈوگر، عمیر نیازی اور بیرسٹر سیف بھی شامل تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران پی ٹی آئی وفد اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان حالیہ انتخابات اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
اس ملاقات میں حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سمیت تحفظات پر بھی گفتگو ہوئی۔ پی ٹی آئی وفد نے بانی چیئرمین عمران خان کا پیغام مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا۔
پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور اپوزیشن میں ساتھ چلنے کی دعوت دی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سازی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے عمر ایوب کی بطور وزیراعظم امیدوار کےلیے بھی جے یو آئی سے حمایت مانگ لی۔
مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد کے موقع پر جیو نیوز سے بات چیت میں پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر وزیراعظم کا ووٹ لینے آئے ہیں۔
پی ٹی آئی وفد اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔