موسمِ سرما میں ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ صبح کا کچھ وقت اور دن کے دیگر مناسب اوقات میں دھوم میں گزارا جائے کیوں کہ سردیوں کی دھوپ طبیعت کو بہت بھاتی ہے، لہٰذا اگر آپ گھر تعمیر کروارہے ہیں یا آپ کے موجودہ گھر کے بیرونی حصے میں جگہ ہے یا پھر کھلا صحن ہے تو اس پر ٹرینڈی اور کارآمدشیڈ بنوایا جاسکتا ہے، جس کے نیچے بیٹھ کر آپ نہ صرف اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار سکتے ہیں بلکہ کتاب یا اخبارات کا مطالعہ بھی کرسکتے ہیں۔ اس ضمن میں شیڈ کو کئی انداز بھی دیے جاسکتے ہیں، ذیل میں آؤٹ ڈور شیڈز کے حوالے سے دی گئ معلومات آپ کی معاونت کرسکتی ہے۔
گزیبو ماڈل
اس بات کا دارومدار آپ کے پسندیدہ گزیبو ماڈل پر ہے کہ وہ آپ کے گھر کے عقبی حصے میں فٹ ہوگا یا پھر سامنے کے آنگن میں سایہ اور تحفظ فراہم کرے گا۔ اس اسٹائل کے متعدد ڈیزائن ہیں، تاہم اسے نصب کرنے کا عمل پیچیدہ بھی ہوسکتا ہے۔ بہت سارے ڈیزائنوں میں پردے یا جال شامل ہوتے ہیں، جو ہوا میں موجود کیڑے مکوڑوں اور مچھروں کو اندر نہیں آنے دیتے اور دلکش بھی نظر آتے ہیں۔
ڈائننگ کورٹ یارڈ
ہمارے ملک میں سال میں کم از کم 269 دن دھوپ ملتی ہے، لہٰذا آپ گھر کے آگے جو سائبان تعمیر کررہے ہیں اسے ڈائننگ کورٹ یارڈکی شکل دے سکتےہیں۔ اس سے نہ صرف آپ کے گھر کی قدروقیمت بڑھے گی بلکہ یہاں گھر والوں کے ساتھ کھانا کھاتے ہوئے اچھا وقت بھی گزارا جاسکتاہے۔ اس ضمن میں شیڈ یا سائبان کی تعمیر کیلئے کسی ماہر آرکیٹیکچر کی خدمات حاصل کرکے بجٹ، ڈیزائن اور ٹرینڈ کے بارے میں معلوم کرلیں۔
بنیادی نکات میں دستیاب جگہ، اس کی پیمائش اورسمت کا تعین شامل ہیں۔ شیڈکی چھت ایسے مٹیریل کی ہونی چاہیے جو دھوپ کو جذب کرے نہ کہ وہ اس کی تپش میں اضافہ کا باعث بنے۔ ڈائننگ کورٹ یارڈ گھر کے بیرونی حصے میں بنا ہو یا عقبی، وہاں آتی نرم روشنی اور ہوا میں بیٹھنا خواب ناک لگتاہے۔ اگر ڈائننگ کورٹ یارڈکچن کے ساتھ ہے تو پھر مزیدار کھانوں تک رسائی آسان ہو جاتی ہے۔
مستقل سائبان کا آپشن
اگر آپ مستقل سائبان کے آپشن کا سوچ رہے ہیں تو پرگولا (Pergola) ایک شیڈڈ آؤٹ ڈور اسپیس بنانے کا طریقہ مہیاکرتا ہے، جس کو روشنیوں اور لٹکنے والے پودوں سے سجایا جاسکتا ہے۔ پرگولاکی خصوصیت یہ ہے کہ اسے آپ صحن یا آنگن کے مطابق یا پھر آزادانہ حیثیت میں لگا سکتے ہیں۔
اس کے بہت سے اسٹائل ہیں جن میں فیبرک کینوپی کا آپشن بھی شامل ہے۔ ان ڈیزائنوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ایک دلچسپ شیڈ ہے اور ویک اینڈ پر آپ اپنے دوستوں یاگھر والوں کے ساتھ یہاں لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
کینوپی آپشن
کینوپی کی سب سے اہم خصوصیت اس کا ورسٹائل ہونا ہے۔ بڑی تقریبات کی میزبانی کیلئے یہ بہترین تفریحی ماحول فراہم کرتی ہے۔ تخلیقی کینوپی کے زیادہ تر ماڈلز آسانی سے پاپ اَپ ہوجاتے ہیں اور گیراج یا تہہ خانے میں بھی لگ جاتے ہیں۔
یہ پورٹیبل آپشنز مہمانوں کو آرام دہ رکھنے، کیمپنگ اور پکنک کے لئے بھی موزوں ہیں۔ دیگر کینوپی اسٹائل کاروں کے لئے اضافی احاطہ میں شیڈ کی سہولت مہیا کرتے ہیں، اس کے علاوہ یہ دیواروں اور زِپ والے دروازوں کے ساتھ بھی دستیاب ہیں۔ تخلیقی کینوپی کو آپ مستقل طور پر خوبصورت ڈیزائن کے ساتھ اپنے آنگن میں بھی تعمیر کرواسکتے ہیں اور دھوپ سے بچتے ہوئے اچھا وقت صرف کرسکتے ہیں۔
ہیوسٹن فارم ہاؤس
اگر آپ اپنے گھر کے آنگن یا عقبی حصے کو فطرت سے ہم آہنگ کرتے ہوئے دیہی انداز دینا چاہتے ہیں تو ہیوسٹن فارم ہاؤس بہترین رہے گا۔ اس میں فرش اور ستونوں کیلئے قدرتی پتھروں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ شیڈ کی چھت سرخ اینٹوں اور قدرتی لکڑی کے حسین امتزاج کےساتھ تیار کی جاتی ہے، جو دور سے اپنی بہار دِکھاتی ہے۔ اس کی چھت اُفقی رُخ پر عام چھتوں سے اُٹھی ہوئی اور چوڑی ہوتی ہے، جو نیچے بیٹھنے والوں کو پرسکون اور آرام دہ ماحول فراہم کرتی ہے۔
کھُلے آنگن میں شیڈ
آننگ اسٹائل (Awning Style)آپ کے گھر کے کھلے آنگن میں اضافی شیڈ فراہم کرتا ہے۔ اس کی چھت فیبرک کی ہوتی ہے جو اسٹینڈ سے منسلک ہوتی ہے۔ اسے مستقل ایک ہی سائز کا رکھا جاسکتاہے یا پھر اس میں وقتی طور پر توسیع بھی کی جاسکتی ہیں، یعنی اس کے شیڈ یا کور کو آگے پیچھےکیا جاسکتا ہے۔ ایسا کرنے کیلئے آپ کو ہاتھوں سے ہینڈل گھمانا ہوگا جبکہ موٹر کی مدد سے اسے آگے پیچھے ایڈجسٹ کیا جاسکتاہے۔ یہ احتیاط ضرور کی جائے کہ بیرونی سائبان مخصوص جگہ پر مناسب طریقے سے فٹ بیٹھ جائے۔
پردوں والا شیڈ
پردوں والا شیڈ آپ کے ڈیک، پیٹیو یا صحن میں بہت دلکش دکھائی دیتا ہے۔ چاروں اطراف میں موجود بیرونی پردے سورج کی تپش سے بچانے کے ساتھ مچھروں یا دیگر کیڑے مکوڑوں سے بھی آپ کی حفاظت کرتے ہیں۔ اپنے آؤٹ ڈور فرنیچر کے ساتھ آپ اس شیڈ کے رنگ کو آہنگ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ جگہ کی مناسبت سے اس میں ماحول دوست پردے بھی لٹکا سکتے ہیں۔ جب آپ پردوں کے اسٹائل یا رنگ سے اُکتا جائیں تو نئے پردے لگاکر ایک نئی دلکشی بخش دیں۔
درخت شیڈ
دنیا کا سب سے پرانا اور شاید پہلا شیڈ درخت کا ہی تھا ۔ جو آج بھی ہمیں کڑی دھوپ سے بچاتاہے، لیکن افسوس کا مقام ہے ہم درختوں کو بچا نہیں پارہے اور نہ ہی انہیں لگانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہم جس ٹری شیڈ کی بات کررہے ہیں، یہ ایک بڑا سا مصنوعی درخت ہے۔ آپ اپنے بیٹھنے کی جگہ یا کرسیوں کو اس کی ہری بھری شاخوں کے نیچے رکھ کر اپنے اوپر سایہ کرسکتے ہیں۔
یہ تو آپ کو معلوم ہی ہوگا کہ درخت گرم مہینوں میں گھر کے درجہ حرارت کو20 ڈگری یا اس سے زائد کم کرسکتا ہے۔اگر آپ کے گھر کے عقبی حصے، صحن یا گھر سے باہر درخت موجود ہے تو اسے کاٹنے تراشنے سے پہلے سنجیدگی سے سوچیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ اس کے فوائد سے محروم رہ جائیں۔