وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان بلاول بھٹو زرداری کو کنٹینر پر بٹھانے سے پہلے سرے محل ،برطانیہ اور امریکا کی جائیدادوں کا پوچھ لیں،آصف زرداری اور بلاول ہی ایسے پارٹی لیڈر ہیں ،جنہوں نے تاحال اثاثے ڈکلیئر نہیں کئے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کرپشن کیخلاف تحریک چلانے والوں سے سرے محل اور ہیروں کے ہار کے بارے میں پوچھا جائے، ہم سے پانامالیکس سے متعلق پوچھنے والے دبئی کے محلوں کا بھی پوچھیں۔
چوہدری نثار علی خان نے مزید کہا کہ پانچ سال حکومت کرنیوالوں سے برطانیہ اور امریکا میں جائیداد بھی پوچھی جائے،آصف زرداری اور بلاول اپنے اثاثے ظاہر کردیں تو جھگڑا ختم ہوجائے گا یہ دونوں واحد لیڈر ہیں ،جن کے اثاثے آج تک ظاہر نہیں کئے گئے۔
انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بلاول بھٹو کو کنٹینر پر بٹھانے سے پہلے سرے محل کے بارے میں ضرور پوچھ لیں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ بلاول نوازشریف کے علاوہ اپنے والد سے بھی اثاثوں کا پوچھتے؟، آصف زرداری صرف یہ بتادیں کہ دبئی کا محل کہاں کب اور کس پیسے سے لیا؟ آصف زرداری یہ بتائیں 60 ملین ڈالرز کہاں سے آئے اور اب کہاں ہیں؟۔
ان کا مزید کہناتھاکہ چیخ و پکار اور ڈرائی انداز سے تقریر کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے،میری پیپلزپارٹی سے کوئی دشمنی نہیں،پی پی کے عناصر چاہتے تھے کہ ان کے کرپشن کے کیسز چھوڑ دئیے جائیں۔