پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور کے برقی قمقموں میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے 188 رنز کے ہدف کو 5 وکٹ کے نقصان پر 5 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے خواجہ نافع نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے 31 گیندوں کا سامنا کیا اور 3 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔
اوپنر سعود شکیل 40، جیسن روئے 24، کپتان رائیلی روسو 18، شرفانے ردرفورد 14 اور سرفراز احمد 11 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے شاہین آفریدی، حارث روف، زمان خان، فیاض سلمان اور سکندر رضا نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔
پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے، پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپئن کو 8 وکٹ سے ہرایا تھا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 187 رنز بنائے۔
قلندرز کے اوپنر صاحبزادہ فرحان 62 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر ثابت ہوئے، انہوں نے 43 گیندوں کا سامنا کیا اور 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔
لاہور قلندرز کے جہاں داد خان نے 45 رنز کی ناقابل شکست اور برق رفتار اننگز کھیلی، انہوں نے 17 گیندیں کھیلی اور 4 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔
قلندرز کے سکندر رضا نے 18، وین ڈر ڈیوسن نے 15، شاہین آفریدی نے 12 اور عبداللّٰہ شفیق نے 11 رنز کی باری کھیلی جبکہ فخر زمان اور کارلوس براتھ ویٹ نے 6، 6 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین اور عقیل حسین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر، محمد وسیم اور ابرار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل میچ کی ٹاس کےلیے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد رائیلی روسو میدان میں اترے تھے۔
لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ لاہورقلندرز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں،لورکان ٹکر اور ڈیوڈ ویساکی جگہ کارلوس براتھویٹ اور سکندررضا ٹیم میں شامل ہیں۔
رائیلی روسو نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
لاہور قلندرز کی ٹیم مینجمنٹ نے آل راونڈر ڈیوڈ ویسا کو آج کے میچ میں آرام دیا ہے اور کہا ہے کہ ڈیوڈ ویسا کو ٹانگ میں ہلکی تکلیف کے باعث احتیاطی طور پر آرام دیا گیا ہے۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں کپتان شاہین آفریدی، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی وان ڈر ڈیوسن، عبداللّٰہ شفیق اور سکندررضا بھی شامل ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ نے فائنل الیوان میں سلمان فیاض، کارلوس براتھویٹ، جہاں داد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل کیا ہے۔
لاہور قلندرز کو ایونٹ کے پہلے میچ میں شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ روز پشاور زلمی کو 16 رنز سے ہرایا تھا۔
شاہین آفریدی الیون پی ایس ایل کے آخری 5 میں سے 3 میچز میں شکست سے دوچار ہوئی ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری 5 میں سے 3 میچز میں فتح اپنے نام کی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلے گئے آخری 5 میچز میں سے 3 میں شاہین کی ٹیم فاتح رہی ہے۔