پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کےلیے ورلڈ کپ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے۔
ملتان میں جیو نیوز سے گفتگو میں محمد علی نے کہا کہ پی ایس ایل ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سے پاکستان ٹیم میں آنے کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے کچھ ماہ بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے، ورلڈ کپ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے۔
ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر نے یہ بھی کہا کہ کراچی کنگز کے خلاف جو پلان بنایا اس پر عمل بھی کیا، پہلےمیچ میں 3 وکٹیں لیں کوشش کروں گا اس سے زیادہ وکٹیں لوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا ٹاپ بولر بننے کی خواہش لے کر خود کو مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتا۔
فاسٹ بولر محمد علی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کو فالو نہیں کیا جاتا، سب وائٹ بال کرکٹ کو پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیسٹ ہیروز کو اہمیت نہیں دی جاتی، پاکستان کی جانب سے 2022ء میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے۔