سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے G20 ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے بامعنی اقدامات کے لیے دباؤ ڈالیں۔
عرب میڈیا کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقدہ جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے پہلے سیشن میں سعودی وزیرِ خارجہ نے شرکت کی جس کا موضوع تھا ’جاری بین الاقوامی تناؤ سے نمٹنے میں G20 کا کردار‘۔
انہوں نے اپنے خطاب میں G20 ممالک پر زور دیا کہ دو ریاستی حل کی جانب قابل اعتبار اور ناقابل واپسی راستے کی حمایت کریں۔
سعودی وزیر نے خاص طور پر غزہ کی المناک صورتحال سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی اداروں کی عالمی سطح پر اپنے وعدوں کو پورا کرنے اور اپنے مؤقف میں واضح ہونے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
شہزادہ فیصل نے اس بات پر بھی گفتگو کی کہ G20 ممالک کی ذمے داری ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والی تباہی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کریں، جس سے علاقائی امن، خوشحالی اور عالمی اقتصادی استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق انہوں نے اپنے خطاب میں غزہ میں ہونے والے مظالم کی مذمت کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔