• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی اجلاس: نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

’جیو نیوز‘ گریب
’جیو نیوز‘ گریب

پنجاب اسمبلی میں اراکین نے حلف اٹھا لیا ،اجلاس 2 گھنٹے کی تاخیر سے اسپیکر سبطین خان کی صدارت میں شروع ہوا۔

نمازِ جمعہ کے وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو نو منتخب اراکینِ پنجاب اسمبلی نے حلف اٹھایا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے نو منختب اراکینِ اسمبلی سے حلف لیا۔

کتنے ارکان نے حلف اٹھایا؟

پنجاب اسمبلی میں آج حکومتی اتحاد کے 215 ارکانِ اسمبلی نے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے 98 ارکانِ اسمبلی نے حلف اٹھایا ہے۔

نامزد وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ایوان میں موجود تھیں جنہوں نے بطور رکنِ پنجاب اسمبلی حلف اٹھایا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا کہنا تھا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل ہوگا، پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل سہ پہر 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

ن لیگ، سنی اتحاد کونسل کی نعرے بازی

اجلاس شروع ہوا تو مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔

گھڑی چور کے نعرے

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے ارکان نے ایوان میں گھڑی چور کے نعرے بھی لگائے۔

ارکینِ سنی اتحاد کونسل اور ن لیگ میں تلخ کلامی

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں سنی اتحاد کونسل اور ن لیگ کے ارکان میں تلخ کلامی ہوئی ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے ارکان کا کہنا تھا کہ ہمارے ارکان کو اندر نہیں آنے دیا جارہا۔

اس موقع پر ایوان میں مسلم لیگ ن کے 215 کے قریب، جبکہ سنی اتحاد کونسل کے 97 ارکان موجود تھے ۔

سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اسپیکر سبطین خان سے گفتگو کی کوشش کی تو انہوں نے انہیں بات کرنے سے روک دیا اور کہا کہ ابھی آپ نے حلف نہیں اٹھایا، ابھی آپ ممبر نہیں بنے ہیں، حلف لے لیں پھر آپ سب کی بات سنیں گے۔

اسپیکر سبطین خان نے کہا کہ ریزرو سیٹس الیکشن کمیشن نے رکھی ہوئی ہیں، ان کا فیصلہ ہونا ہے، ہم کتنے دن تک ایوان کو روک سکتے ہیں، حلف کا ہونا ضروری ہے اس کے بعد جو مرضی کریں۔

نو منتخب رکن رانا شہباز نے کہا کہ اسپیکر صاحب! ہم نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر لی ہے، ہمیں ہراساں کیا جارہا ہے۔

رکن سنی اتحاد کونسل رانا آفتاب نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو اندر آنے نہیں دیا گیا، مخصوص جماعت کے لوگ مہمانوں کی گیلری میں بٹھا دیے گئے ہیں۔

اسپیکر سبطین خان نے کہا کہ رانا صاحب! آپ اپنے مہمانوں کی لسٹ دیں میں ان کو اندر بلاؤں گا، میاں اسلم اقبال کی رپورٹ منگواتا ہوں، وہ گرفتار ہیں تو ان کے پروڈکشن آڈر جاری کروں گا۔

رکنِ مسلم لیگ ن ملک احمد خان نے اسپیکر سے درخواست کی کہ آپ حلف کروائیں، اس کے بعد بات کریں گے۔

ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ ہمارے مہمانوں کو اندر آنے اجازت نہیں دی گئی۔

مریم نواز نے کیا کہا؟

’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ اللّٰہ کرے پنجاب کے لیے خدمت کا نیا دور شروع ہو۔

واضح رہے کہ حلف اٹھانے کے ساتھ ہی مریم نواز کی آج سے پارلیمانی سیاست کا آغاز ہوا ہے۔

ملک محمد احمد کے اسپیکر ہونے کا امکان

لیگی رہنما ملک محمد احمد خان کو اسپیکر پنجاب اسمبلی نامزد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ سید علی حیدر گیلانی پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر مقرر کیے گئے ہیں۔

مریم اورنگزیب کو رکنِ پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ

ن لیگی قیادت نے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کو رکنِ پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے بھی پہلی بار پنجاب اسمبلی کی رکن کے طورپر حلف اٹھایا ہے۔

ن لیگی اراکین کی اسپیکر سبطین خان سے ملاقات

اس سے قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اسمبلی پہنچے تو ن لیگی اراکین نے احاطے میں ان سے ملاقات کی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملی، کسی کو نہیں ملی، زیادہ سیکیورٹی اس لیے ہے کہ ارکان میں جھگڑا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ منتخب ارکان کو اسمبلی آنے سے نہیں روکا جانا چاہیے، تمام اراکین کی شرکت یقینی بنائیں گے۔

تاخیر سے آنے پر صحافیوں کے سوال پر اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے جواب دیا کہ میرا خیال ہے کہ میں تو بہت جلدی آ گیا، یہاں تو اجلاس 6، 6 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہتا تھا۔

نو منتخب ارکان کی مریم نواز کو مبارک باد دی

اسمبلی میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مریم نواز کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، اس موقع پر مریم نواز سے نو منتخب ارکانِ اسمبلی نے ملاقات کی۔

نو منتخب ارکانِ پنجاب اسمبلی نے ن لیگ کی نامزد وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کو مبارک باد دی۔

کون کون اسمبلی پہنچا؟

نو منتخب ارکان عظمیٰ بخاری، سمیع اللّٰہ خان، فیصل کھوکھر، غزالی سلیم بٹ، ملک خالد کھوکھر، سلمیٰ بٹ، اسد کھوکھر، سہیل شوکت بٹ، شیر علی گورچانی، میاں مرغوب، رانا اقبال، عظمیٰ کاردار اور حنا پرویزبٹ پنجاب اسمبلی پہنچنے والوں میں شامل ہیں۔

اسحاق ڈار بھی پنجاب اسمبلی پہنچے

ان کے علاوہ مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار بھی پنجاب اسمبلی پہنچے ہیں۔

PTI نے احتجاج اور شر کے علاوہ کیا کیا ہے؟ ملک محمد احمد

رہنما ن لیگ ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتجاج اور شر کے علاوہ کیا کیا ہے؟ اسلم اقبال کے خلاف مقدمہ نہیں ہے تو انہیں اسمبلی آنا چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بدقسمتی سے کچھ کردار سیاست میں عدم استحکام کا سبب بنتے ہیں، یہ کردار انجام تک پہنچیں گے۔

ن لیگی نومنتخب ارکان نواز شریف کے پلے کارڈز لیکر آئے

مسلم لیگ ن کے نومنتخب ارکان آج نواز شریف کے پلے کارڈز لے کر ایوان میں داخل ہوئے۔

PTI رہنما فرخ جاوید بھی اسمبلی پہنچے

ادھر پی ٹی آئی رہنما فرخ جاوید بھی پنجاب اسمبلی پہنچے تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں اسلم اقبال نے ضمانت لی ہے، وہ حلف اٹھانے آ رہے ہیں، جن لوگوں کو ہرایا گیا انہیں احتجاج کی کال دی ہے۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نو منتخب ارکان ندیم قریشی، حسن ذکاء، شعیب امیر، شیخ امتیاز اور عامر ڈوگر بھی پنجاب اسمبلی میں موجود تھے۔

امتیاز شیخ گاڑی میں چھپ کر اسمبلی پہنچے

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ رکنِ اسمبلی امتیاز شیخ کالے شیشوں والی گاڑی میں چھپ کر پچھلی سیٹ پر لیٹ کر اسمبلی پہنچے۔

بلے کے بغیر پنجاب اسمبلی کی 170 سیٹیں ہیں: عامر ڈوگر

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نو منتخب رکنِ پنجاب اسمبلی عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ بلے کے بغیر پنجاب اسمبلی کی 170 سیٹیں ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نو منتخب رکنِ پنجاب اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا کہ اگر بلا نشان ہوتا تو 80 سیٹیں مزید ہوتیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان پر خوف کے سائے ہیں، چاروں طرف پولیس ہے، لوگ خوار ہو رہے ہیں، ہمارا مینڈیٹ چرانے کا خوف ان کو سونے نہیں دے رہا۔

عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ چند ایم پی ایز کو اتنے پریشر کے بعد توڑا، وہ بھی واپس آ جائیں گے، جو ایم پی ایز عوام کا مینڈٹ لے کر آئے ہیں ان کو تو آنے دیں۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نو منتخب رکنِ پنجاب اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ خوف ان کا اس وقت تک پیچھا کرے گا جب تک یہ ہمارا مینڈٹ تسلیم نہیں کریں گے، یہ خوف اس وقت تک رہے گا جب تک بانیٔ پی ٹی آئی رہا نہیں ہوتے۔

IPP کی نو منتخب رکن سارہ احمد بھی اسمبلی پہنچ گئیں

استحکامِ پاکستان پارٹی کی نو منتخب رکن سارہ احمد بھی پنجاب اسمبلی پہنچی تھیں۔

IG پنجاب نے سیکیورٹی کا جائزہ لیا

اجلاس کے موقع پر پنجاب اسمبلی کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے اہل کار بھی تعینات کیے گئے۔

آئی جی پنجاب عثمان انور بھی پنجاب اسمبلی پہنچے، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

گزشتہ روز گورنر نے اجلاس بلانے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا

واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس نو منتخب ارکان کے حلف اٹھانے کے لیے آج صبح بجے بلایا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید