وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نیب نے جو ریکوری کی وہ اربوں نہیں کھربوں میں ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ واگزار کی گئی اراضی مختلف لوگوں کے پاس تھی، نیب آزاد ادارہ ہے، اس میں بہتری حکومت نہیں لاتی اس کا اپنا میکنزم ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نیب نے اپنے میکنزم کے تحت بہتری لانی ہے، نیب کو غیر سیاسی بنایا گیا ہے، اسے ماضی میں سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے دور میں یہ بات کافی پیچھے ہو گئی، نیب کا اصل کام سرکاری پیسے کی ریکوری تھا، تو اس پر زیادہ توجہ دی گئی۔
اعظم نذیر تارڑ نے یہ بھی کہا کہ پلی بارگین میں ملزم کہتا ہے کہ چیزیں واپس دیتا ہوں تو اسے سزا نہیں ہوتی لیکن وہ نااہل ہو جاتا ہے، حکومت نیب کو ڈکٹیٹ نہیں کرتی۔