چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ کنن اور پوشپورہ جیسے وحشتناک واقعات مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی دردناک تاریخ کا حصہ ہیں اور خواتین کے ساتھ بدترین جنسی زیادتی اور تشدد پر مبنی اس طرح کے انسانیت سوز واقعات انسانی ہمدردی رکھنے والے دنیا کے تمام افراد کے لیے ناقابل فراموش ہیں۔ عالمی برادری اس میں ملوث بھارتی اہلکاروں کو سزا دلوانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
یاد رہے کہ آج سے 33 سال قبل (23 فروری 1991) کی رات بھارتی فوج کی راجپوتانہ رائفل کے اہلکاروں نے ضلع کپواڑہ کے دوگاؤں کنن اور پوشپورہ کو تلاشی کے بہانے محاصرہ میں لے کر وہاں درجنوں خواتین کی بے حرمتی کی اور انہیں جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایاتھا۔
اس طرح بہت سے اور واقعات بھی مقبوضہ کشمیر میں رونما ہوئے ہیں جن میں خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی۔
کنن اور پوشپورہ کے انسانیت سوز واقعات کے حوالے سے چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ تمام اقوام عالم کے لیے یہ انتہائی غور طلب بات ہے کہ اس طرح کے واقعات اب بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری ہیں۔
انہوں نے یورپی یونین سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کنن پوشپورہ کے واقعے اور اسطرح کے دیگر واقعات میں ملوث عناصر کو سزا دلوانے کے لیے اپنا اثر رسوخ استعمال کریں۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑی تعداد میں خواتین مشکلات کا شکار ہیں۔ ہزاروں خواتین ایسی ہیں جن کے مرد بھارتی فوج کے ہاتھوں جبری طور پر لاپتہ ہوچکے ہیں۔ کسی کا خاوند، کسی کا باپ، کسی کابھائی اور کسی کا بیٹا لاپتہ ہے۔ یہ افراد ماورائے عدالت جعلی مقابلوں میں مارے جاچکے ہیں یا ان میں سے کئی آج تک لا پتہ ہیں اور ان کی خواتین اپنے پیاروں کی منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا مشکلات کا یہ سلسلہ سات دہائیوں سے جاری ہے لیکن ان خواتین کے مصائب کم نہیں ہو رہے بلکہ ان میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے حقوق کی پامالیوں کو یورپی یونین کی سطح پر اٹھاتے رہیں گے۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے، خاص طور پر کشمیری خواتین کے مصائب کو کم کرنے کے لیے اور انکے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔
علی رضا سید نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کنن اور پوشپورہ کے واقعے میں ملوث بھارتی اہلکاروں کو بلا تاخیر سزا دلوانے کےلیے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ٹریبونل بنایا جائے۔