بالی ووڈ کے مایاناز اداکار نصیر الدین شاہ گزشتہ روز نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر اترے تو ان کا موڈ خراب ہوگیا۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اداکار نصیر الدین شاہ کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں اپنے مداح پر غصہ ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر اس وقت ریکارڈ کی گئی جب ایک مداح اداکار کے پاس سیلفی کی خواہش لے کر آیا لیکن اداکار نے اسے سختی سے ڈانٹ دیا۔
وائرل ویڈیو میں نصیر الدین شاہ کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ مداح نے ان کا موڈ خراب کر دیا ہے۔
وائرل ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ نصیر الدین شاہ نئی دہلی ایئر پورٹ لینڈ کرنے کے بعد جب باہر آئے تو ان کے مداح نے ان سے سیلفی کی فرمائش کی تاہم اداکار کو یہ بات پسند نہ آئی تو انہوں نے سیلفی بنوانے سے انکار کردیا۔
اداکار کے انکار کے باوجود مداح نے تصویر کے لیے اصرار کیا جس پر نصیر الدین شاہ کو غصہ آگیا اور مداح کو سخت لہجے میں یہ کہتے ہوئے ڈانٹ دیا کہ ان کی وجہ سے موڈ خراب ہوگیا ہے۔