• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیمہ خان بانیٔ پی ٹی آئی کا نیا پیغام سامنے لے آئیں

بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان—فائل فوٹو
بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان—فائل فوٹو

بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بانیٔ پی ٹی آئی کا نیا پیغام میڈیا کے سامنے سنا دیا۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ 9 فروری کو دھاندلی کی مثال نہیں ملتی، 8 فروری کے بعد اب تک دھاندلی کے ذریعے نشستیں چھینی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو 2 سال سے پکڑا جا رہا ہے، سزائیں دی جا رہی ہیں، پی ٹی آئی کی خواتین کو بھی نہیں چھوڑا گیا، یہ ووٹ امیدواروں کا نہیں عوام کا ہے جو چھینا جا رہا ہے۔

بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ جو چوری کا ووٹ لے کر اسمبلی پہنچے وہ پریشان ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی نے مثال دی ہے کہ چندی گڑھ میں بی جے پی کے لیے آر اوز نے دھاندلی کی۔

انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان بھی بھارتی عدالت کی طرح انصاف دے گی، قانونی طور پر اب تمام کارروائی سپریم کورٹ میں ہو گی۔

علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عوام سارا مینڈیٹ عدالت کے ذریعے واپس لیں گے، ووٹ عوام کا ہے جس نے حفاظت کرنا تھی نہیں کی، ووٹ کی حفاظت نہیں کر سکتے تو سسٹم کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چوری کے معاملے پر ہم ہائی کورٹ جا چکے ہیں، انتخابات سے متعلق سارا ڈیٹا انٹر نیٹ پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔

علیمہ خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کو سمجھ آ گئی ہے کہ کیسے دھاندلی ہوئی، تمام فارم 45 منظرِ عام پر آ چکے ہیں، ان کے مطابق نتائج جاری کرنا ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید