• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کی نصف آبادی پر مشتمل صوبۂ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے فوراً بعد مریم نواز شریف اپنی ترجیحات اور عزائم کے اعلان کے ساتھ ان کی تکمیل کی خاطر سرگرم عمل بھی نظر آرہی ہیں۔ دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں سرکاری افسروں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ خدمت کے جذبے سے سر شار، دیانتدار افسروں کو سلیوٹ کرتی ہوں۔ میرٹ کی خلاف ورزی نہ کرونگی نہ ہونے دونگی۔ کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہو گی۔ مالیاتی امور میں شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ بلاشبہ اہلیت اور شفافیت ہی وہ بنیادی اصول ہیں جن پر فی الواقع عمل کیا جائے تو تعمیر و ترقی کے سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہو سکتی۔ کرپشن کا روگ نظام مملکت میں اسی صورت میں نقب لگاتا جب رشوت، ناجائز سفارش، اقربا پروری اور معاملات پر اخفاء کا پردہ ڈال کر اہلیت کی راہ روکی جائے۔ اہلیت کی حوصلہ افزائی سرکاری مشینری کا زنگ اتارنے اور اسے رواں رکھنے کا یقینی ذریعہ ہے۔ پنجاب کی جواں عزم وزیر اعلیٰ سرکاری افسروں سے اپنے خطاب میں اس حقیقت سے پوری طرح آگاہ دکھائی دیتی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ افسر اور ملازمین میری ٹیم ہیں، کام کرنے والوں کو سپورٹ کیا جائیگا۔ عوام کی خدمت کے مشن کی تکمیل کیلئے اچھی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائیگا۔ سول سرونٹس محب وطن اور خدمت کے جذبے سے سر شار ہیں۔ احتساب، شفافیت، کوالٹی ورک اور ٹائم ورک ریڈ لائن ہیں۔ کام کرنے والوں کا احترام کرتی ہوں۔ عوام کے مسائل کا فوری حل چاہیے۔ ادارہ جاتی تنظیمی اصلاحات کرنا ہو گی، جڑ تک پہنچ کر مسائل ختم کریں گے۔ مریم نواز تعمیر وطن کیلئے نئے ولولے اور نئی سوچ رکھنے والی بیدار مغز نئی نسل کی نمائندہ ہیں لہٰذا یہ توقع بے جا نہیں کہ ان شاء اللہ وہ اپنی ترجیحات کے مطابق اپنے خوابوں کو حقیقت میں ڈھال سکیں گی تاہم اس کیلئے انہیں غیر ضروری پروٹوکول سے نجات حاصل کر کے عوام سے براہ راست رابطے میں رہنا ہو گا۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین