اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن جمیل سومرو نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی طرف سے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت پر مبینہ الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جن کا خون بھٹو اور پیپلزپارٹی کا نام سن کر کھولتا ہے۔ کون بھول سکتا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید کے قاتل حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر چوہدری نثار آنسو اور ہچکیوں سے روئے تھے، چوہدری نثار پیپلزپارٹی کے خلاف اس لئے بیان بازی کر رہے ہیں تاکہ جواب میں نواز شریف کو نشانہ بنایا جائے اور چوہدری نثار کے وزیراعظم بننے کا خواب پورا ہو۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید پر جس شخص نے جھوٹے ریفرنس بنائے، الزامات لگائے آج بھی ملک میں واپس نہیں آسکتا۔جمیل سومرو نے کہا کہ پاناما لیکس اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد مسلم لیگ(ن) پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف انہی گھسے پٹے الزامات کو دوہرا رہی ہے جن کو وہ خود جھوٹا قرار دے چکی ہے۔ جمیل سومرو نے کہا کہ چوہدری نثار جیسے لوگ پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف اس لئے بیان بازی کر رہے ہیں تاکہ جواب میں نواز شریف کو نشانہ بنایا جائے اور چوہدری نثار کے وزیراعظم بننے کا خواب پورا ہو۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جب الیکشن لڑیں گے تو اپنے اثاثے ظاہر کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری آج بھی ان گھروں میں رہائش پذیر ہوتے ہیں جہاں ان کی والدہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید رہتی تھیں اس لئے چوہدری نثار کو چاہیے کہ بلاول بھٹو زرداری سے کوئی سوال کرنے کی بجائے اپنے لیڈر نواز شریف کے اثاثوں کی صفائی دیں۔