کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد وسیم نے کہا ہے کہ پاکستان سوپر لیگ میں فاسٹ بولرز کے لیے مقابلہ سخت ہوتا جا رہا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ ہر ٹیم میں تین سے چار فاسٹ بولرز ہیں سب ہی پرفارم کررہے ہیں، کچھ فاسٹ بولر انجری سے ری کور ہوئے ہیں وہ بھی مقابلے میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وکٹیں فاسٹ بولر کو زیادہ سپورٹ نہیں کرتی ہیں، سازگار پیچز نہ ہونے کے باوجود فاسٹ بولرز محنت کر رہے ہیں اور مقابلہ سخت سے سخت ہوتا جا رہا ہے۔
محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ایسی پیچز میں اچھی بولنگ کرنا فاسٹ بولرز کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا، میں بیٹنگ کی بھی پریکٹس کررہا ہوں لیکن قسمت ساتھ نہیں دے رہی، ایک دو بار بیٹنگ کا موقع ملا ہارڈ ہٹنگ کی کوشش کی لیکن زیادہ کامیابی نہیں ملی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر نے کہا کہ آگے ورلڈ کپ ہے اس لیے ہر فاسٹ بولرز کی کوشش ہے کہ وہ پی ایس ایل میں اچھی بولنگ کرے، فاسٹ بولر کو ریسٹ ملتا ہے تو اس کے لیے فائدہ ہے، کرکٹ بہت بڑھ گئی ہے لیگز بہت زیادہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ماحول بہت اچھا ہے، کپتان تبدیلی کے باوجود مینجمنٹ نے سب کو ایک ٹیم بنا کر رکھا ہے۔