• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن ممبران کیلئے حکومتی نام موصول نہیں ہوئے‘ خورشید شاہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کیلئے حکومت کی طرف سے ابھی تک نام موصول نہیں ہوئے۔ حکومت کی طرف سے نام موصول ہونے کے بعد اپوزیشن پارٹیوں سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اسمبلی چیمبر میں ہونے والی آخری ملاقات میں انہوں نے کہا تھا کہ حکومت عید کے بعد نام بھجوائے گی۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیر خزانہ نے گزشتہ روز مجھ سے فون پر رابطہ کیا اور حکومت کی طرف سے عید کے بعد الیکشن کمیشن کے لئے ممبران کے نام بھجوانے سے متعلق بھی اگاہ کیا۔ دریں اثناء وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے سکھر میں ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں الیکشن کمیشن کے لئے وزیراعظم کی طرف سے تجویز کردہ ناموں کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ خورشید شاہ نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ ان کی طرف سے الیکشن کمیشن کے لئے مجوزہ ناموں کی فہرست عید تک مکمل کر لی جائے گی اور 11 جولائی کے بعد کسی بھی دن مجوزہ ناموں کی فہرستوں کا رسمی تبادلہ کر لیا جائے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اس امر پہ مکمل اتفاق کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اراکین کا تقرر عید کے بعد جلد از جلد لیکن آئین  میں طے شدہ 45دن کی مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق اراکین کے عہدوں کی معیاد 10 جون کو ختم ہو گئی تھی۔
تازہ ترین