• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران بلاول کو کنٹینر پر بٹھانے سے پہلے زرداری کی غیرملکی جائیداد کا پوچھ لیں، چوہدری نثار

اسلام آباد (جنگ نیوز )وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان بلاول بھٹو کو کنٹینر پر بٹھانے سے پہلے سرے محل امریکا، دبئی اور برطانیہ کی جائیدادوں کے بارے میں ضرور پوچھ لیں، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو اپنے اثاثے ڈکلیئر کر دیں تو مسئلہ ہی حل ہو جائیگا، صرف چیخ و پکار اور ڈرامائی انداز سے تقریریں کرنے سے مسائل حل نہیں ہونگے ، کرپشن کیخلاف بات کرنا فیشن بن گیا ہے، پاکستان میں کرپشن کیخلاف تحقیقات کرنا یا تفتیش کرنا مشکل کام اور جان جوکھوں میں ڈالنا ہے ، پیپلز پارٹی نے این آر او کے ذریعے مقدمات ختم کرانے کی کوشش کی، بلاول جس طرح وزیر اعظم سے اثاثوں کا پوچھتے ہیں، کیا اپنے والد سے بھی اسی طرح اثاثوںکا پوچھتے ہیں؟سندھ میں سرکاری تنخواہ پر ایک بندہ بھرتی کیا گیا ہے جس کا کام صرف میرے خلاف روزانہ بیان دینا ہے ، آزاد کشمیر کے انتخابات میں 22 ہزار فوج اور سول آرمڈ فورسز پولنگ کے اندر اور باہر فرائض سر انجام دینگے ، وزیراعظم کی وطن واپسی پر افغان مہا جرین کے بارے میں قومی پالیسی بنائی جائیگی ، امجد صابری کیس اور چیف جسٹس کے بیٹے کے اغواء کے کیس کا سراغ لگا کر دم لینگے ، وزیراعلیٰ پنجاب کی گفتگوپر پیپلز پارٹی کا رد عمل مضحکہ خیز لگا ہے ، عید کے بعد سے شناختی کارڈ کی تصدیق کا عمل بھرپور طریقے سے شروع کیا جائے گا،اس سال کے آخر میں ملک کے تمام اضلاع میں پاسپورٹ آفس اور تمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں نادرا میگا سینٹر کا قیام عمل میں آ جائیگا ۔ پیر کو بلیو ایریا میں نادرا کے دوسرے میگا سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر تک پاکستان کے ہر ضلعے میں پاسپورٹ سینٹر قائم کر دیا جائیگا ۔ آزاد کشمیر کے الیکشن میں فوج کی تعیناتی سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت پیپلز پارٹی کی ہے کشمیر کے اندر آزادانہ اور منصنفانہ الیکشن نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان کے کیلئے اہم ہیں تاکہ دنیا کو پتہ چل سکے کہ مقبوضہ کشمیر میں کس طرح کے الیکشن ہوتے ہیں اور آزاد کشمیر میں کیسے الیکشن ہوئے ہیں آزاد کشمیر اور اسٹیٹ آف پاکستان کے حوالے سے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے۔ آزاد کشمیر کے الیکشن بہت اہم ہیں پاکستانی افواج سیکورٹی کی نگرانی کیلئے الیکشن کے دوران نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر بھی تعینات ہو گی اس کیلئے فوج اور سول آرمڈ فورسز کے 22 ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ امجد صابری اور چیف جسٹس کے بیٹے کے اغواء کے کیس سے متعلق سوال کے جواب میں ا نہوں نے کہا کہ خدا نخواستہ یہ کرکٹ میچ نہیں کہ ہر روز اس کا اسکور دوں تمام سیکورٹی ادارے اس پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ایک کیس میں بہت زیادہ پیش رفت ہوئی ہے انشاء اللہ دونوں کیسز کا سراغ لگا کر دم لینگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے دیئے گئے بیان کے سوال جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی گفتگو پر پیپلز پارٹی والے تبصرہ کر چکے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کوئی غلط بات نہیں کی اس پر پیپلز پارٹی کا رد عمل مضحکہ خیز لگا ہے ۔پیپلز پارٹی سے نہیں میں عمران خان سے ضرور درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے اس وقت تک یہی کہا ہے کہ میں کرپشن کیخلاف بہت بڑی تحریک چلانا چاہتا ہوں جب آپ اور بلاول بھٹو زرداری ایک ہی کنٹینر پر ہونگے تو بلاول بھٹو کو کنٹینر میں بٹھانے سے پہلے ان سے سرے محل کروڑوں مالیت کے نیکلس 60 ملین ڈالر کے اکائونٹ دبئی میں دو تین محلوں اور دیگر جائیداد کے بارے میں ضرور پوچھئے گا کہ وہ کہاں سے آئی مجھے اعتراض نہیں کہ عمران خان جس کو مرضی کنٹینر پر بٹھائیں لیکن وہ پہلے ان سے ضرور پوچھیں کہ یہ جائیدادیں کہاں سے آئیں۔ ہم سے پانامہ لیکس کا پوچھتے ہیں آصف علی زرداری اپنے اثاثہ جات پبلک کر دیں تو جھگڑا ہی ختم ہو جائیگا ۔ آصف علی زرداری واحد سیاسی لیڈر ہیں جنہوں نے اپنے اثاثہ جات آج تک ڈکلیئر نہیں کئے جنرل مشرف کے این آر او کے تحت مقدمے ختم کرائے پانچ سال تک اپنی مرضی کا چیئرمین نیب لگوائے رکھا ہم نے تو اپوزیشن لیڈر کی مرضی سے چیئرمین نیب کی تعیناتی کی ہے۔ ایک صحافی کی طرف سے عمران خان کی عید کے بعد اسلام آباد پر چڑھائی کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ لگتا ہے کہ آپ عمران خان کے ترجمان بن گئے ہیں ابھی تک عمران خان نے اپنے کسی پروگرام کا اعلان نہیں کیا اور آپ نے ہمیں بتا دیا ہے کہ وہ اسلام آباد آ رہے ہیں شناختی کارڈوں کی تصدیق کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی تک نادرا کی طرف سے عوام کو ایس ایم ایس بھیجنے کا سلسلہ شروع نہیں کیا گیا تاہم تین دنوں میں دو لاکھ سے زائد لوگوں نے از خود ایس ایم ایس کر کے اپنے شناختی کارڈ کی تصدیق کی ہے جن میں سے پانچ ہزار لوگوں نے کنفرم کیا کہ ان کے خاندان میں اجنبی لوگ موجود ہیں جس کی روشنی میں 950 لوگ کنفرم ہو چکے ہیں کہ وہ جعلی یا ایلین ہیں انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کے تصدیق عمل پانچ مرحلوں میں ہو گا جن میں ایس ایم ایس اور اینٹلی جنس ایجنسیوں کی مدد بھی لی جائیگی اس کام میں بہت سے مشکلات ہیں لیکن یہ میری قومی سلامتی کا مسئلہ ہے کیونکہ جعلی شناختی کارڈ کے بعد جعلی پاسپورٹ بنتا ہے اور ماضی میں یہ بھی ہوا ہے کہ دو لوگ جعلی شناختی کارڈ پر لوگ فوج میں بھی بھرتی ہو گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کے حوالے سے وزیراعظم کی واپسی پر خصوصی اجلاس منعقدہو گا جس میں افغان مہاجرین کے بارے میں قومی پالیسی بنائی جائیگی ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے پیپلز پارٹی کے بارے میں کوئی غیر پارلیمانی لفظ استعمال نہیں کیا پانامہ لیکس ابھی تک ایک الزام ہے لیکن پیپلز پارٹی کے لوگوں کیخلاف میگا کرپشن اسیکنڈل عدالتوں میں ہیں میرا کام تفتیش کرانا ہے اور کیس تیار کر کے عدالت میں بھیجنا ہے حج اسیکنڈل میں بھی باقاعدہ سماعت کے باعث سزا ہوئی ہے۔
تازہ ترین