آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ہدایت پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) فرنٹیئر کور (ایف سی) خیبر پختونخوا میجر جنرل نور ولی خان شہید ایس پی اعجاز خان کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے ملاقات میں 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج شہید ایس پی اعجاز خان کی بچیوں کو مفت تعلیم فراہم کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آئی جی فرنٹیئر کور نے شہید کے اہل خانہ کے بلند حوصلے کو سراہا۔
اس موقع پر آئی جی فرنٹیئر کور کا کہنا تھا کہ شہید ایس پی اعجاز خان ایک دلیر اور محب وطن پولیس افسر تھے، وہ دہشت گردوں کے خلاف بڑے متحرک رہے۔
آئی جی فرنٹیئر کور نے کہا کہ شہید ایس پی نے وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے اپنی جان قربان کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایس پی اعجاز خان 27 فروری کو کاٹلنگ میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہوئے تھے۔