• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساتویں لیڈیز امیچور گالف چیمپئن شپ ابیہا سعید نے جیت لی

ساتویں لیڈیز امیچور گالف چیمپئن شپ ابیہا سعید نے جیت لی، ابیہا نے اپنی بڑی بہن کو دلچسب مقابلے کے بعد دو اسٹروک کے فرق سے شکست دے دی۔

 چیمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں دانیہ سعید لیڈر کے طور پر میدان میں اتریں مگر وہ اپنی برتری قائم نہ رکھ سکیں، چھوٹی بہن ابیہا سعید نے دلچسب اسٹروک کھیلتے ہوئے برتری حاصل کرلی۔

انہوں نے آخری راؤنڈ کا اختتام 230 کے اسکور پر کیا، ابیہا نے پہلا راؤنڈ 84 دوسرا 74 اور تیسرا راؤنڈ پار کھیل کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

کراچی کے ڈی ایچ اے کنٹری اینڈ گالف کلب کے ابتدائی دو روز گالفرز کو کراچی میں چلنی والی سمندر کی تیز ہواؤں کا چیلنج درپیش تھا۔ نیشنل چیمپئن پرکھا اعجاز اور سابق چیمپئن عانیہ فاروق کا پٹر نہ چل سکا۔

54 ہول پر کھیلی جانے والی تین روزہ چیمپئن شپ میں نوجوان گالفرز کی بڑی تعداد شریک ہوئی ایونٹ میں آٹھ سال کی بچی نے بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

پاکستان نمبر ون پرکھا اعجاز کہیتی ہیں کہ وہ گزشتہ برس ایشیا پیسیفک ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں، ورلڈ میں ان کی رینکنگ 250 ہے اور وہ آٹھ سال سے گالف کھیل رہی ہیں، بزنس مینجمنٹ میں گریجویشن کررہی ہیں۔

سابق امیچور چیمپئن عانیہ فاروق کہتی ہیں کہ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کررہی ہیں 2012 سے گالف سے وابسطہ ہیں، چار مرتبہ نیشنل امیچور چیمپئن بن چکی ہیں جبکہ گزشتہ برس ویتنام انٹرنیشنل گالف ٹورنامنٹ میں سیکنڈ پوزیشن پر رہی تھیں

گالفرآمنہ امجد سات سال سے گالف کے کھیل سے وابسطہ ہیں نیول آرکیٹیکچر انجینئرنگ کی طالبہ ہیں اور پاکستان کی 9 ہینڈی کیپر گالفر ہیں۔

ایونٹ میں موجود 16 سالہ بشریٰ فاطمہ چار سال سے گالف کھیل رہی ہیں اور گیارہویں کلاس کی طالبہ ہیں وہ پڑھائی اور گالف کو ساتھ لیکر چل رہی ہیں۔

چیمپئن شپ کی ڈائریکٹر حمیرا خالد کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ wagr سسٹم کے تحت کھیلا گیا، جو گالفرز کو انٹرنیشنل لیول تک پہنچانے میں کارآمد ثابت ہوگا۔

چیمپین شپ میں 60 خواتین نے زبردست مقابلے کئے، انڈر 12 کیٹیگری میں رباب تابش، انڈر 16 میں علینا فواز، بی کیٹیگری کے نیٹ میں رقیہ حبیب اور گراس میں رانا تبسم شریف کامیاب رہیں۔ سی کیٹیگری کے نیٹ میں حمیرا ذیشان اور گراس میں صوبیا وسیم نے فاتح بنیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید