• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے آئینی عہدوں کیلئے جے یو آئی سے ووٹ مانگ لیا

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ انہوں نے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے آئینی عہدوں کےلیے ووٹ مانگا ہے جبکہ مشترکہ جہدوجہد کی بھی بات کی ہے۔ 

پی ٹی آئی نے منصفانہ الیکشن کےلیے ملک گیر اتحاد قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا۔ 

مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد اسد قیصر نے میڈیا کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت مثبت رہی، مولانا فضل الرحمان اور ہمارا مؤقف ایک ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔ ہم نے ناصرف وزیراعظم کا ووٹ مانگا بلکہ مشترکہ جدوجہد پر بات ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عوام کا حق ہے وہ جس کو چاہے مینڈیٹ دے۔ پاکستان کی تاریخ کے بدترین الیکشن ہوئے، آج جن لوگوں نے حلف اٹھایا ان کو پتا ہے وہ منتخب نہیں ہوئے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے صرف ووٹ کی بات نہیں کی، سول بالادستی کی بات بھی ہوئی ہے۔ ہم پارلیمنٹ میں سول بالادستی کے لیے اکٹھے چلیں گے۔ 

اس موقع پر پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد وزیراعظم عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے ہمارا مینڈیٹ چرایا ہے، ان سے بات نہیں ہوگی۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہمارا مؤقف واضح ہے، پیپلز پارٹی بھی مینڈیٹ چوری میں حصہ دار ہے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم ایک نکاتی ایجنڈے پر ملک گیر الائنس بنانا چاہتے ہیں۔ ہم ون پوائنٹ ایجنڈے پر سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے۔ ہم سب کو پتہ ہے کہ دھاندلی کس نے کروائی ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ نئے جعلی فارم 45 بنائے جا رہے ہیں، اس حکومت کا کوئی قانونی جواز نہیں۔ ملک میں آئین کی بالادستی نہ ہوئی تو آگے نہیں بڑھ سکتے۔ 

قومی خبریں سے مزید